جیکب آباد ،پولیس نفری مین کمی کے باعث جرائم میں اضافہ

598

 

جیکب آباد (نمائندہ جسارت) جیکب آباد شہر میں پولیس نفری کی کمی، اہم چوراہوں پر اہلکاروں کی عدم موجودگی، جرائم میں اضافہ، سٹی تھانے پر 90 اہلکاروں کی نفری ہے جو کم ہے، ایس ایس پی کو لکھا ہے، ایس ایچ او۔ جیکب آباد شہر میں پولیس نفری کے کمی کی شکایات میں اٖضافہ ہوگیا ہے، سٹی تھانے کی حدود میں واقع اہم چوراہوں حبیب چوک، بھاون چوک، بازار گھاٹ، ڈتو ہوٹل، ڈنگر محلہ، ٹیورام پل، کاشی رام پل پر پولیس اہلکاروں کی عدم موجودگی کی وجہ سے شہری و کاروباری حضرات سخت پریشان ہیں۔ اہلکاروں کے موجود نہ ہونے کی وجہ سے بازار میں جھگڑے بھی معمول بنتے جا رہے ہیں اور جرائم میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔ دن دہاڑے چوریاں اور بس اسٹینڈ پر ہندو دکاندار کی فائرنگ میں ہلاکت اس کا ثبوت ہے۔ اس صورتحال کے پیش نظر عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ سٹی تھانے کے کئی اہلکاروں کو بھاری رشوت کے عوض ویزا پر بھیجا جاتا ہے۔ علاوہ ازیں اکثر نجی بینکوں کے اپنے گارڈ ہونے کے باوجود پولیس اہلکار بھی ان بینکوں میں مقرر کیے گئے ہیں جو ڈیوٹی سے غائب رہتے ہیں۔ دلیپ کمار، عابد علی، منظور اور دیگر کاروباری حضرات اور شہریوں کو کہنا ہے کہ شہر کے اہم چوراہوں پر پہلے پولیس اہلکار مقرر ہوتے تھے لیکن اب نظر نہیں آتے، پولیس ہلکار موجود ہوتے ہیں تو تحفظ کا احساس ہوتا ہے، پر اب ان کی غیر موجودگی کی وجہ سے عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ اس سلسلے میں ایس ایچ او سٹی نیئر سلطانہ نے بتایا کہ سٹی تھانے پر 90 اہلکاروں کی نفری ہے جو کم ہے، ایس ایس پی کو مزید 26 اہلکاروں کے لیے لکھا ہے جن میں سے دس ملے ہیں۔ ذرائع کے مطابق 90 پولیس اہلکاروں کی نفری سٹی کے لیے کم نہیں اتنی نفری ہونے کے باوجود شہر کے چوراہوں پر اہلکار کیوں غائب ہیں۔