بھٹ شاہ ، نالیاں اور گٹر ابل پڑے، سڑکیں جوہڑ میں تبدیل

462
بھٹ شاہ : محکمہ پبلک ہیلتھ کی نااہلی کے باعث شہر کچرے اور جوہڑ کا منظر پیش کررہا ہے
بھٹ شاہ : محکمہ پبلک ہیلتھ کی نااہلی کے باعث شہر کچرے اور جوہڑ کا منظر پیش کررہا ہے

 

بھٹ شاہ (نمائندہ جسارت) پبلک ہیلتھ مٹیاری کے افسران کی نا اہلی و عدم توجہ کی وجہ سے شاہ لطیف کا شہر گندگی کے ڈھیر میں تبدیل، گٹر اور نالیاں ابل پڑے، شہر بھر کا گندا پانی قدیمی اور تاریخی قبرستان یعقوب شہید میں داخل، شہریوں کے پیاروں کی متعدد قبریں مسمار شہر کے مین چوراہوں پر کھڑے گندے پانی کی وجہ سے درگاہ شاہ لطیف پر آنے والے زائرین اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا۔ شہر کے سیاسی، سماجی اور مذہبی رہنمائوں سمیت شہریوں کا حکام سے نوٹس لے کر محکمہ پبلک ہیلتھ کے نا اہل اور کرپٹ افسران کیخلاف کارروائی کا مطالبہ۔ محکمہ پبلک ہیلتھ مٹیاری کے افسران کی نا اہلی و عدم توجہ کے سبب عظیم صوفی شاعر شاہ لطیف کا شہر بھٹ شاہ گندگی کے ڈھیرمیں تبدیل، گندے پانی کو نکالنے والی موٹر کی آئے روز خرابی کے سبب گٹر اور نالیاں ابل پڑے شہر بھر کا گندہ پانی تاریخی اور قدیمی قبرستان یعقوب شہید میں داخل ہوگیا جس کے وجہ سے شہریوں کے آبائو اجداد کی قبریں مسمار ہوگئی ہیں جس کی وجہ سے شہریوں میں شدید غم و غصہ پایا جارہا ہے جبکہ شہر کے مین چوراہوں پر کھڑے گندے پانی کی وجہ سے درگاہ شاہ لطیف پر آنے والے زائرین اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ شہر کی ایسی ابتر صورت حال پر ٹائون کمیٹی بھٹ شاہ کے چیئرمین سید علی یاور عرف گدا حسین شاہ نے کونسلر گل حسن راجپوت، سترام میگھواڑ، صادق میرجت و دیگر کے ساتھ بھٹ شاہ پریس کلب میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دو سال قبل ڈرینج سسٹم کی ازسر نوتعمیر، برساتی نالے سمیت دیگر کام محکمہ بلڈنگ مٹیاری کے سپرد تھا لیکن عدالت عظمیٰ کی جانب سے بنائے جانے والے اس وقت کے واٹر کمیشن کے چیئرمین جسٹس (ر) امیر مسلم ہانی نے اپنے بھٹ شاہ کے دورے کے دوران اس بات پر اظہار برہمی کرتے ہوئے فوری اس کام کو محکمہ پبلک ہیلتھ کے سپرد کرنے اور شہریوں کو پینے کا صاف اور میٹھا پانی جلد سے جلد فراہم کرنے کا حکم جاری کیا تھا لیکن چھے ماہ قبل محکمہ پبلک ہیلتھ کے حوالے کیا جانے والا شہر کا ڈرینج نظام ٹھیک نا ہوسکا۔ شہر بھر کے گندے پانی کو نکالنے کے لیے لگائی جانے موٹر کے آئے روز خرابی کے سبب شہر کا ڈرینج سسٹم درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے جس کی وجہ سے آئے روز شہر کے مین چوراہوں اور مین علاقوں میں گندا پانی کھڑا ہوجاتا ہے، جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، کئی بار حکام کو ابتر صورت حال کے حوالے سے تحریری اور زبانی طور پر آگاہ کیا گیا لیکن کوئی شنوائی نہیں۔ انہوں نے گورنر، وزیر اعلیٰ سندھ، کمشنر حیدر آباد سمیت دیگر حکام سے محکمہ پبلک ہیلتھ مٹیاری کے نا اہل و لا پرواہ افسران کیخلاف نوٹس لے کران کے خلاف سخت کارروائی عمل میںلائی جائے۔