میرپور خاص میں باران رحمت کے لیے نماز استسقاء ادا کی گئی

491

میرپور خاص (نمائندہ جسارت) میرپور خاص میں باران رحمت کے لیے نماز استسقاء ادا کی گئی، جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور باران رحمت برسنے کے لیے دعا مانگی گئی۔ میرپور خاص کے شہریوں فیصل خان زئی اور عاطف بلوچ کی جانب سے باران رحمت کے لیے نماز استسقاء کی ادائیگی کے لیے سوشل میڈیا پر لوگوں سے شرکت کی اپیل کی تھی جس کے بعد گزشتہ روز طویل خشک سالی اور آبی قلت کے خاتمے کے لیے گاما اسٹیڈیم میں نماز استسقاء ادا کی گئی جس کی امامت کے فرائض مولانا حفیظ الرحمن فیض نے ادا کیے۔ نماز استسقاء میں شہریوں میجر (ریٹائرڈ) مرزا مسرور بیگ، عزیز خان، امجد کاظمی، نعمان ہالیپوٹو، زاہد قائمخانی، مسعود عباس، سید فرحان ہاشمی، نعیم غوری، ارشاد ملک، رضی انصار، ذوالفقار وسان، عمر فاروق سمیت لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مولانا حفیظ الرحمن فیض نے کہا کہ ہمیں اپنے گناہوں کی معافی مانگ کر اللہ تعالیٰ سے بخشش کی دعا کرنی چاہیے۔ بحیثیت قوم اللہ تعالیٰ سے اجتماعی توبہ اور استغفار کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت محمد مصطفیٰﷺ نے اپنے دور مین باران رحمت کے لیے نماز استسقاء ادا کی اور ہم نے بھی اپنے آقا دو جہاںﷺ کے نقشے قدم پر چلتے ہوئے باران رحمت کے لیے نماز استسقاء ادا کی ہے۔ میرپورخاص میں خشک سالی کی وجہ سے پانی کی قلت پیدا ہوگئی ہے جبکہ زرعی پانی کی بھی کمی ہے اور پانی کی کمی کی وجہ سے ہزاروں ایکڑز پر کھڑی مختلف فصلیں سوکھ رہی ہیں، جس سے نا صرف کاشتکاروں کو مالی نقصان ہو رہا ہے بلکہ تاجروں کا کاروبار بھی متاثر ہورہا ہے۔ پانی کی کمی کی وجہ سے جانوروں اور انسانوں کے پینے کا پانی بھی ناپید ہوتا جا رہا ہے۔ ہم نے اللہ تعالیٰ کے حضور باران رحمت کے لیے نماز استسقا ادا کی اور دعا مانگی ہے، انشاء اللہ بارش ضرور برسے گی اور خشک سالی کا خاتمہ ہو گا۔