بلدیہ ملیرکا 3 ارب روپے کا سرپلس بجٹ اتفاق رائے سے منظور

211

کراچی(اسٹا ف رپورٹر)چیئرمین بلدیہ ملیر و کنوینر کونسل جان محمد بلوچ کی زیر صدارت منعقدہ بجٹ اجلاس میں مالی سال2019-2020ء کیلیے 3ارب36 کروڑ79 لاکھ22 ہزار 620 روپے کا سرپلس بجٹ اتفاق رائے سے منظور کر لیا گیا ،کونسل بلدیہ ملیر کے 32ویں اجلاس میں وائس چیئرمین بلدیہ ملیر عبدالخالق مروت میونسپل کمشنر عمران اسلم اراکین کونسل اور محکمہ جاتی افسران شریک تھے۔بلدیہ ملیر کراچی کے مالی سال 2019-2020 ء کے بجٹ میں آمدنی کا تخمینہ 3 ارب36کروڑ،79 لاکھ22 ہزار620 روپے جبکہ اخراجات کا تخمینہ 3 ارب36 کروڑ68 لاکھ89ہزار روپے لگایا گیا ہے، اس طرح یہ 10 لاکھ 33 ہزار620 روپے بچت کا ٹیکس فری بجٹ ہے، ترقیاتی اخراجات کی مد میں 1 ارب 72 کروڑ 80 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں ۔ بجٹ اجلاس سے چیئرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے نظامت سنبھالنے کے بعد دوسرے ہی اجلاس میں تمام اراکین کونسل کیلیے ترقیاتی فنڈز مختص کیے جبکہ اپنے دوسرے بجٹ میں ہم نے تمام اراکین کونسل کیلیے مساوی بنیادوں پر فنڈز مختص کیے ، تمام تر سیاسی و مذہبی تعصبات سے بالا تر ہوکر اپنے معزز اراکین کو عوام کی خدمت کے سفر میں ساتھ لے کر چل رہے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ بلدیہ ملیر مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندوں پر مشتمل ایک گلدستے کے مانند ہے اور یہ گلدستہ صرف اسی صورت میں مہکتا رہے گا جب ہم اس کی دیکھ بھال کیلیے مفاہمت سے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں ، ہم نے مل کر بلدیہ ملیر کو پاکستان کیلیے ایک مثال بنانا ہے ۔