پراپرٹی ٹیکس کی چھوٹ کی مدت اور شرح میں کمی کا اعلان ہو گا

302

لاہور (آئی این پی) ایف بی آر نے پراپرٹی ٹیکس کی چھوٹ کی مدت اور شرح میں کمی کا فیصلہ کرلیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پراپرٹی  ٹیکس کی چھوٹ کی مدت اور شرح میں کمی کا اعلان حکومت کی جانب سے (آج) اتوار کو کیا جائے گا‘ اس وقت پراپرٹی ملکیت کے 3 سال کے اندر فروخت کرنے پر ٹیکس عاید ہے جبکہ 3 سال بعد پراپرٹی فروخت کرنے پر ٹیکس کی شرح صفر ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اب سے تعمیر شدہ گھر یا فلیٹ پر 4 سال بعد فروخت پر کوئی ٹیکس نہیں ہوگا جبکہ 4 سال سے پہلے فروخت کرنے پر50 لاکھ کی پراپرٹی پر5 فیصد سیلز ٹیکس لاگو ہوگا‘ 30 جون کے بعد پراپرٹی ملکیت کے10 سال کے اندر فروخت کرنے پر 15 فیصد ٹیکس کی تجویز ہے۔ نئے فنانس بل میں تجویز کردہ10 سالہ مدت کے بعد پراپرٹی فروخت کرنے پر ٹیکس کی شرح صفر ہوگی۔ ایف بی آر ذرائع نے بتایا کہ حکومت پراپرٹی سیل کرنے کے ٹیکس کی مدت 10 سال سے کم کرنے کے علاوہ ٹیکس ریٹ کی شرح بھی 15 فیصد سے کم کرنا چاہتی ہے۔