ایمنسٹی اسکیم کا آخری دن ،دبئی میں سب سے زیادہ اثاثے ظاہر

462

اسلام آباد(نمائندہ جسارت) حکومت کی ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کی مدت ختم ہونے کا آج آخری دن ہے اور اس دوران دبئی سے اثاثے ظاہر کرنے والے سب سے آگے ہیں۔حکومت کی جانب سے ایمنسٹی اسکیم کے تحت ٹیکس نادہندگان 4 فیصد ٹیکس کی ادائیگی کرکے اپنے ملکی اور غیر ملکی اثاثے ظاہر کر سکتے ہیں۔ ایمنسٹی اسکیم کی مدت 30 جون کو ختم ہورہی ہے۔ ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کے آن لائن پورٹل پر شدید دباؤ پڑ چکا ہے جس کی وجہ سے متعدد صارفین کو اثاثے ظاہر کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ ٹیکس ایمنسٹی میں متحدہ عرب امارات سے اثاثے ظاہر کرنے والے سب سے آگے ہیں۔ پاکستانیوں نے دبئی کی جایدادوں کو بڑے پیمانے پر ظاہر کیا ہے۔ایف بی آر نے اثاثے ظاہر کرنے والوں کی شکایات کے ازالے کیلیے ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔ ایف بی آر پورٹل پر دباؤ کو کم کیا جارہا ہے۔ کراچی , لاہور اور راوالپنڈی میں 3 کمشنرز کو آن لائن سسٹم اپ ڈیٹ کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔ ایف بی آر پورٹل کو آن لائن رکھنے کے لیے پرال کا عملہ بھی متحرک کردیا گیا۔تاجروں، سرمایہ کاروں اور صنعتکاروں نے ٹیکس ایمنسٹی کی مدت میں 3 ماہ کی توسیع کا مطالبہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ بینک اور چارٹرڈ اکائونٹنٹ فرم بھی اسکیم کی مدت میں توسیع کا مطالبہ کررہی ہیں جس کے بعد اسکیم کی میعاد میں توسیع کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کی مدت بڑھانا بہت مشکل ہے کیونکہ ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کی مدت بڑھانے کے لیے وزیراعظم نے کوئی ہدایات جاری نہیں کیں۔ 30 جون تک ایسیٹس ڈیکلیریشن آرڈینس 2019 سے مستفید ہونے والوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائیں گی۔ ایف بی آر کے تمام فیلڈ دفاتر 29 جون کو رات 8 بجے جب کہ 30 جون کو رات 11 بجے تک کھلے رہیں گے۔ تمام ٹیکس گزار ٹیکسز، ڈیوٹیز اور ٹیکس گوشوارے جمع کرا سکتے ہیں۔