چوہڑ جمالی ،ڈرینیج سسٹم کی تعمیر میں کرپشن کا انکشاف

239

چوہڑ جمالی (نمائندہ جسارت) چوہڑ جمالی میں پبلک ہیلتھ کی جانب سے بنائے گئے ڈرینج سسٹم میں کروڑوں روپے کی مبینہ کرپشن۔ ڈرینج سسٹم کے نالے ناکارہ بن گئے۔ گٹر کا پانی تالاب کی شکل میں انسانی آبادی میں جمع۔ پبلک ہیلتھ انتظامیہ نے شکایات کے بعد بھی کوئی نوٹس نہیں لیا۔ شہریوں کا جینا اجیرن ہوگیا۔ چوہڑ جمالی کے سسیا اور بروہی محلے میں پبلک ہیلتھ کی جانب دو بار کروڑوں روپے کی لاگت سے بنایا گیا ڈرینج سسٹم جگہ جگہ سے ٹوٹ کر ناکارہ ہوگیا، جبکہ پبلک ہیلتھ کی اس کروڑوں روپے کی اسکیم سے شہر کے رہائشیوں کو کوئی ریلیف نہیں مل سکا۔ شہریوں نے اس سلسلے میں کئی بار احتجاج کیا لیکن پبلک ہیلتھ انتظامیہ نے کوئی توجہ نہیں دی۔ ڈرینج اسکیم کے نالے جو ملاح سے ٹوٹ چکے ہیں جس کے نتیجے میں گٹر کے گندے پانی کی نکاسی نہ ہونے کی وجہ سے ٹوٹی ہوئی جگہوں سے بہہ کر تالاب کی شکل اختیار کرگیا ہے۔ اس حوالے سے چوہڑ جمالی کے شہریوں محمد صدیق میمن نورانی، اقبال میمن اور دیگر نے احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ پبلک ہیلتھ کے عملداروں نے ڈرینج سسٹم کے نام پر کروڑوں روپے ہڑپ کیے ہیں جبکہ جو کام کیا گیا ہے وہ ناکارا اور ناقص تھا اس وجہ سے سارے نالے ٹوٹ کر تباہ ہوگئے ہیں، جس کے نتیجے میں بارش سمیت گٹر کے پانی کا نکلنا دشوار ہوجاتا ہے۔ انہوں نے چیف جسٹس اور نیب انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ کرپشن میں ملوث عملداروں کیخلاف کارروائی کی جائے۔