ٹیسٹ رینکنگ،نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقا سے تیسری پوزیشن چھین لی

259

دبئی(جسارت نیوز) بھارتی ٹیم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تازہ ترین ٹیسٹ ٹیم رینکنگ میں بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہے، نیوزی لینڈ نے ایک درجہ ترقی کے ساتھ جنوبی افریقا سے تیسری پوزیشن چھین لی، پاکستان نے ایک سیڑھی چڑھ کر دوبارہ چھٹی پوزیشن سنبھال لی۔ اتوار کو آئی سی سی نے تازہ ترین ٹیسٹ ٹیم رینکنگ جاری کر دی جس کے تحت بھارتی ٹیم 116 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ بدستور سرفہرست ہے، انگلش ٹیم 108 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے، نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو آخری ٹیسٹ میچ میں شکست دے کر ایک درجہ ترقی پا کر جنوبی افریقا کو تیسری پوزیشن سے محروم کر دیا، جنوبی افریقن ٹیم پاکستان کے خلاف پہلا ٹیسٹ جیتنے کے باوجود تیسری پوزیشن کا دفاع نہ کر سکے اور تنزلی کے بعد چوتھے نمبر پر چلی گئی، آسٹریلوی ٹیم پانچویں نمبر پر برقرار ہے جبکہ پاکستانی ٹیم پروٹیز کے ہاتھوں پہلے ٹیسٹ میں شکست کے باوجود ایک درجہ ترقی پا کر دوبارہ چھٹے نمبر پر آ گئی، سری لنکن ٹیم ایک درجہ تنزلی کے بعد ساتویں نمبر پر چلی گئی، ویسٹ انڈین ٹیم آٹھویں نمبر پر موجود ہے۔بلے بازوں کی رینکنگ میں ابتدائی 20بلے بازوں میں صرف ایک پاکستانی موجود ہے ،ویرات کوہلی پہلے،کین ولیمسن دوسرے،اسٹیو سمیھ تیسرے اور پاکستانی اظہر علی 10ویں نمبر پر موجود ہیں۔بولرز رینکنگ میں کگیسو ربادا پہلے ، جیمزاینڈرسن دوسرے، پاکستانی محمد عباس چوتھے اور لیگ اسپنر یاسر شاہ10ویں نمبر پر موجود ہیں۔ٹیسٹ آل راؤنڈرز رینکنگ میں ابتدائی 20کھلاڑیوں میں کوئی پاکستانی موجود نہیں جبکہ شکیب الحسن پہلے اور رویندرا جدیجہ دوسرے نمبر پر موجود ہیں ۔