حکومت اپنے اعمال کے بوجھ سے زوال کا شکار ہوررہی ہے،لیاقت بلوچ

210

لاہور(نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل اور سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ حکومت اپنے اعمال کے بوجھ سے زوال کاشکار ہورہی ہے ،عمران خان نے برق رفتاری سے اپنی حکومت کے لیے بے اطمینانی اور بے اعتمادی پیدا کرلی ہے ۔ بد تہذیبی ، کلام و بیان کا تکبر حکومتی کارکردگی کے راستے میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، عوام کو امید تھی کہ عمران خان سب کا احتساب کریں گے اور کرپٹ اشرافیہ سے لوٹی ہوئی دولت واپس لیں گے لیکن عوام میں مایوسی پھیل رہی ہے، جماعت اسلامی نے کرپشن فری پاکستان مہم چلائی اورعدالت عظمیٰ نے جماعت اسلامی کو صادق و امین ڈکلیئر کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹاؤن شپ میں سید احسان اللہ وقاص کی میزبانی اور زون 167 جماعت اسلامی کے کارکنان کے زیر انتظام عوامی ناشتے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ عمران خان نے برق رفتاری سے اپنی حکومت کے لیے بے اطمینانی اور بے اعتمادی پیدا کرلی ہے ۔ بد تہذیبی ، کلام و بیان کا تکبر حکومتی کارکردگی کے راستے میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی نے کرپشن فری پاکستان مہم چلائی اورعدالت عظمیٰ نے جماعت اسلامی کو صادق و امین ڈکلیئر کیا ۔ آج کرپٹ مافیا جو طاقتور ہے کی زبانوں کو بند کرنے کے لیے سب کے احتساب کے لیے پاناما لیکس کے 436 لوگوں کو بھی احتساب کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے لیکن عدالت عظمیٰ ، نیب ، ایف آئی اے اور دیگر تحقیقاتی ادارے توجہ نہیں دے رہے اسی وجہ سے کرپٹ مافیا ذاتی انتقام کا لیبل لگانے کی ہمت کر رہاہے ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ عوام کو امید تھی کہ عمران خان سب کا احتساب کرے گا اور کرپٹ اشرافیہ سے لوٹی دولت واپس لے گا ۔ آج نوجوانوں ، عوام ، تاجر و کاروباری برادری ہر طبقے میں تیزی سے مایوسی پھیل رہی ہے کہ حکومت ا ن کی توقعات پوری کرنے میں سنجیدہ نظر نہیں آتی ۔صنعت اور کاروبار کا پہیہ جام ہے ۔ بے روزگاری مسلسل بڑھتی جارہی ہے ۔ عوام کی اوسط آمدن کم اور قوت خرید ختم ہورہی ہے ۔ امیروں کے لیے ہر طرح کی چھوٹ اور غریبوں کے لیے ناقابل برداشت ٹیکس مسلط ہورہے ہیں ۔ معاشی بحالی کے لیے عوام ، بزنس مین ، صنعت کار ، محنت کش اور کسان پر اعتماد کرنا ہوگا ۔ زراعت شدید دباؤ میں ہے۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ حکومت ہوش کے ناخن لے ، فوجی مارشل لاز میں 4 مرتبہ صدارتی نظام ناکام رہا ۔ کرپٹ، نااہل پاپولر جمہوری قیادت نے جمہوری نظام کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ۔ شخصیت پرستی کی پاپولر سیاست ناکام ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اہل دیانتدار اجتماعی قیادت اور ٹیم ہی بحرانوں سے نکال سکتی ہے ۔اس موقع پر سید احسان اللہ وقاص ، ذکر اللہ مجاہد ، خالد بٹ ، احمد سلمان بلوچ ، چودھری محمد اقبال اور راؤ محفوظ آسی نے بھی خطاب کیا ۔