ـ2019ء میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ملزمان انجام کو پہنچیں گے، طاہر القادری

187

لاہور (آن لائن) تحریک منہاج القرآن کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ 2018 ء کا قابل ذکر واقعہ قاتلوں کا اقتدار کی بجائے جیل میں ہونا اور زینب کو انصاف ملنا ہے، اللہ نے چاہا تو2019 ء میں شہدائے ماڈل ٹاؤن کے قاتل انجام کو پہنچیں گے، نئی جے آئی ٹی سے انصاف کی امید ہے،انصاف بشکل قصاص کی جدوجہد ضرور رنگ لائے گی۔سعودی عرب سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے طاہرالقادری نے کہا کہ عوامی تحریک نے سیاسی مافیا اور قاتل اشرافیہ کے خلاف طویل جدوجہد کی، لاشیں اٹھائیں،بدترین کردار کشی مہم کا سامنا کیا،جھوٹے مقدمات اور کارکنوں کی پکڑدھکڑ برداشت کی۔ انہوں نے کہا کہ آج کھلی لوٹ مار پر انتقام کا واویلا کرنے والوں نے ہمارے کارکنوں پر دہشت گردی سے جعلی مقدمات بنائے ۔ہم پرزمین تنگ کرنے والے نشان عبرت بنے ہوئے ہیں، یہ ظالموں، مغروروں کے لیے اللہ کا امر اور کھلی نشانی ہے۔ طاہرالقادری نے کہا کہ ناانصافی کے خاتمے کے لیے ایک کردار حکومت اور عدلیہ کا ہے جبکہ اس ضمن میں فیصلہ کن کردار عوام نے ادا کرنا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ 2014 ء کے دھرنے میں لٹیروں کے خلاف جو حقائق بیان کیے تھے وہ سب سچ ثابت ہوئے اور آج ان پر عدالتوں کی مہریں لگ رہی ہیں ۔