سندھ میں گورنر راج نظام کے لیے زہر قاتل ہوگا، حسین محنتی

222

کراچی(اسٹاف رپوٹر) جماعت اسلامی سندھ کے امیرمحمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی اصولی وجمہوری جماعت ہے کسی غیر آئینی قدم کی حمایت نہیں کریں گے، سندھ میں گورنر راج نظام کے لیے زہر قاتل ہوگا، قرآن وسنت کا عادلانہ نظام ہی قوم کے تمام مسائل کا حل اور ملک کو موجودہ بحران سے نکال سکتا ہے، جماعت اسلامی کراچی تا کشمور سندھ بھر میں رابطہ عوام مہم کا آغاز کررہی ہے ،جس میں ڈویژنل ہیڈکواٹرز کی سطح پر ورکرز کنونشن کا انعقاد کیا جائے گا، ورکرز کنونشن سے امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق، لیاقت بلوچ و دیگر قائدین خطاب کریں گے، جنوری کے پہلے ہفتے میں منصورہ لاہور میں ہونے والے مرکزی مجلس شوریٰ کے اجلاس میں رابطہ عوام مہم سمیت دیگر اہم فیصلے کیے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قبا آڈیٹوریم میں نظم صوبہ کے ایک اجلاس سے خطاب کے دوران کیا، قیم صوبہ کاشف سعید شیخ ودیگر ذمے داران بھی موجود تھے۔ محمد حسین محنتی نے مزید کہا کہ گورنر راج نہیں عوام غربت، مہنگائی اور بیروزگاری سے نجات سمیت اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں۔ پی ٹی آئی حکومت مہنگائی کے جن کو بوتل میں بند کرنے والے قوم سے کیے گئے وعدے پر عمل کرے۔ جماعت اسلامی اصولی وجمہوری جماعت ہے کسی غیر آئینی قدم کی حمایت نہیں کریں گے، سندھ میں گورنر راج نظام کے لیے زہر قاتل ہوگا۔