منی لانڈرنگ کیخلاف تاریخی کارروائی کی حمایت کرتے ہیں، مرتضیٰ مغل

213

اسلام آباد (صباح نیوز) پاکستان اکانومی واچ کے صدر ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے منی لانڈرنگ کے خلاف ملکی تاریخ کی سب سے بڑی کارروائی کا فیصلہ انتہائی خوش آئند ہے جس کی بھرپور حمایت کرتے ہیں، وزیراعظم کے اقدامات سے کرپٹ عناصر کی حوصلہ شکنی ہوگی، ملکی معیشت ترقی کرے گی جبکہ ملک ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکل جائے گا جس سے عالمی سطح پر ملکی ساکھ میں اضافہ ہوگا، وزیر اعظم کی کوششوں سے دوست ممالک نے پاکستان کی جو مدد کی ہے اس سے ملکی معیشت سنبھل گئی ہے اور ملک آئی ایم ایف سے ڈکٹیشن لینے کے بجائے ان سے مذاکرات کرنے کی پوزیشن میں آگیا ہے۔ گزشتہ روز جاری ہونے والے بیان میں ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے کہا ہے کہ عوام وزیراعظم کے اقدامات کی بھرپور اور غیر مشروط حمایت کریں گے کیونکہ اس سے پاکستان ایف اے ٹی ایف کی وائٹ لسٹ میں شامل ہوجائے گا، ڈالر کی اسمگلنگ کا سدباب ہو گا، ملک سے سرمایے کا فرار رک جائے گا، ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری بڑھ جائے گی اور مصنوعی بحرانوں کا سلسلہ رک جائے گا۔ کرپٹ سیاسی اشرافیہ اور دیگر با اثر شخصیات کے خلاف کارروائی سے جہاں سیاسی آلودگی کم ہو جائے گی وہیں کرپشن سے کمائے ہوئے 10 ارب ڈالر کی بیرون ملک منتقلی رک جائے گی جس سے پاکستان کا دیگر ممالک اور اداروں کے قرضوں پر انحصار ختم ہو جائے گا۔