رینجرز اور پولیس نے مختلف علاقوں سے 9 ملزمان گرفتار کرلیے 

421

کراچی (اسٹاف رپورٹر) رینجرز اور پولیس نے شہر کے مختلف مقامات پرچھاپوں اور دوسری کارروائیوں میں9 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔گرفتار شدگان میں پولیس کو قتل اورپولیس پر حملوں میں ملوث 2ملزمان بھی شامل ہیں،گرفتار ملزمان کے قبضے سے بھاری تعدادمیں اسلحہ، منشیات، مسروقہ موٹرسائیکل اور دیگر غیر قانونی اشیا برآمد ہوئیں۔ تفصیلات کے مطابق پولیس کے محکمے انسداد دہشت گردی نے ناظم آباد گجر نالے کے قریب کارروائی کرتے ہوئے 2 ملزمان کو گرفتارکرلیا،سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق چھاپا مار کارروائی کے بعد گرفتار ملزمان عبیدالرحمان اور ظاہر اللہ عرف کالا پولیس اہلکاروں کے قتل اور ان پر حملوں میں ملوث ہیں ، ملزمان نے 2014 ء میں گلبہار کے علاقے میں دوران ڈکیتی پولیس پر فائرنگ جس سے پولیس اہلکار اوشاق شہید اور ساجد زخمی ہوا،ملزمان نے تفتیش کے دوران 25 سے زائد ڈکیتی اور لوٹ مار کی وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمات درج ہیں ، ملزمان کے قبضے سے اسلحہ برآمدہو ا ہے ،ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔سکھن پولیس نے منشیات فروشی میں ملوث ملزم اکرم کوگرفتارکر کے اس کے قبضے سے ایک کلو سے زائد چرس برآمدکرلی ،پولیس نے گرفتار ملزم کیخلاف مقدمہ درج کر لیا ہے ،رضویہ سوسائٹی ذیشان پارک کے قریب مبینہ پولیس مقابلے کے بعد زخمی ہونے والے ڈکیت کی عقیل کوگرفتار کرلیا ،ساتھی فرار تاہم اس کاساتھی فرار ہو نے میں کامیاب ہو گیا،فرار ڈکیت کا نام جاوید بتایا جاتاہے ، گرفتار ملزم کے قبضے سے اسلحہ ،کیش ،موبائل فون اور موٹر سائیکل برآمدہو ئی ، ابراہیم حیدری پولیس نے اسنیپ چیکنگ کے دوران اسٹریٹ کرائم میں ملوث ملزم کو گرفتارکرلیا،گرفتار ملزم محمد حسن سے غیر قانونی اسلحہ برآمد ہوا، ملزم محمد حسن کیخلاف تھانہ زمان ٹاؤن میں بھی مقدمات درج ہیں،پولیس نے ملزم کیخلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔رینجرز ترجمان کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیہ کے مطابق بلدیہ ٹاؤن ،کلاکوٹ اور بلوچ کالونی میں کارروائیوں کے بعد 4ملزمان کاشف ،عبدالقیوم ،اویس خان اوراحسان کوگرفتار کر لیا، چاروں گرفتار ملزمان شہر میں ڈکیتی،رہزنی ولوٹ مارکی وارداتوں میں مطلوب تھے ،ملزمان کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ ،منشیات ،مسروقہ موٹرسائیکل اور دیگر غیر قانونی اشیاء برآمدہوئیں،ملزمان کو مزید کارروائی کے لیے متعلقہ پولیس کے حوالے کردیاگیا۔