نیوسبزی منڈی کے تاجروں اورمکینوں کے مسائل حل کرنے کامطالبہ

301

کراچی(اسٹاف رپورٹر) جمعیت علماء اسلام کے صوبائی نائب امیر قاری محمد عثمان نے کہاکہ نئے پاکستان میں نیو سبزی منڈی 50 سال پرانا نقشہ پیش کررہی ہے۔ جو نئے پاکستان کی توہین ہے۔کراچی سبزی منڈی کے مکینوں اور تاجروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں۔کراچی سبزی منڈی ایشیا کی سب سے بڑی منڈی، تمام انسانی بنیادی سہولیات سے محروم ہے۔.پورے پاکستان کا مزدور اور کاروباری سبزی منڈی سے کسی نہ کسی طرح وابستہ ہونے کے باوجود اذیت ناک زندگی بسر کررہا ہے۔وہ سبزی منڈی گراؤنڈ میں کراچی ویجیٹیبل ٹریڈرز فیڈریشن نیو سبزی منڈی کی حلف برداری تقریب سے خطاب کررہے تھے۔اس موقع پر ویجیٹیبل ٹریڈرز فیڈریشن کے عہدیداروں، مختلف سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے نمائندوں نے بھی خطاب کیا۔قاری محمد عثمان نے کہا کہ یہ کتنے افسوس کی بات ہے کہ ایشیا کی سب سے بڑی سبزی منڈی پینے کے پانی، گیس سڑکوں، نکاسی آب کی سہولیات سے محروم ہے جبکہ جعلی مینڈیٹ والے حکمران نئے پاکستان اور مدینہ کی ریاست کے میٹھے نام اور تصور پر دھوکا دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر فوری طور پر سبزی منڈی کی بجلی اور گیس کی بحالی کیلیے اقدامات نہیں کئے گئے تو تاریخ ساز دھرنے کے آخری آپشن پر مجبور ہونگی۔