ڈی ایم سی جنوبی محکمہ تعلیم،ڈپٹی ڈائریکٹڑ لیاری نے اساتذہ سے لاکھوں روپے اینٹھ لیے 

203

کراچی(رپورٹ: حماد حسین)ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن جنوبی محکمہ تعلیم زون لیاری کے ڈپٹی ڈائریکٹر نے ٹائم اسکیل کے بقایا جات کے نام پر اساتذہ سے لاکھوں روپے اینٹھ لیے۔15ہزار فی استاد وصول کیے گئے۔2016ء میں200سے زائد اساتذہ کوٹائم اسکیل دیا گیاتھا۔پیسہ وصولی کی ذمے داری ذون کے راشد منہاس آفس سپر نٹنڈنٹ اوررضوان پے شیٹ کلرک کی لگائی گئی۔ذرائع کے مطابق کراچی بھر کے ڈسٹرکٹ میں خدمات انجام دینے والے اساتذہ کو ٹائم اسکیل جاری کیے جانے کا اعلان کیا گیا تھا جس کی روشنی میں ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن جنوبی محکمہ تعلیم نے اپنے یہاں خدمات انجام دینے والے پرائمری اسکول استاد،جونیئر اسکول استاد اور ہائر اسکول استاد جن کی تعداد524سے زائد تھی‘ کی فہرستیں مرتب کیں۔جس میں صدر ٹاؤن زون کے300اساتذہ اور لیاری ٹاؤن زون کے200سے زائداساتذہ شامل ہیں۔ان افراد کے 10ماہ کے بقایا جات رہتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق قائم مقام ڈپٹی ڈائریکٹراسما ایاز کی جانب سے زون کے تمام اساتذہ سے15ہزار روپے وصولی کی ذمے داری زون کے راشد منہاس آفس سپر ٹنڈنٹ اوررضوان پے شیٹ کلرک کی لگائی گئی تھی۔تاہم کچھ اساتذہ کی جانب سے یہ اعتراض کیا گیا تھا کہ 15ہزار کی رقم بہت ہے اور ہم نہیں دے سکتے ۔جس پر اندرونی طور پر یہ ہدایات جاری کی ہیں کہ جو بھی اساتذہ مطلوبہ رقم دیں گے تو ان کی فائل آگے بھیجی جائے گی اور جو رقم نہیں دے گا اس کی فائل روک دی جائے۔ذرائع کا کہنا تھا کہ بقایا جات کی فائل میں دپٹی ڈائریکٹر کے 5 ہزار، انٹرنل آڈیٹر کے 2ہزار،ڈی ایم سی کے چیئرمین کے پی اے1ہزار اورمیونسپل کمشنر سے دستخط کروانے کے لیے وہاں موجود اسٹاف 500روپے فی فائل طلب کرتا ہے۔یہ تمام کام زون کے راشد منہاس اور رضوان کے ذمے ہے۔اس حوالے سے ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن جنوبی ملک فیاض سے اس نمبر پر رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کال موصول نہیں کی۔