اہم خبریں

323

قتل کے مجرم شاہ رخ جتوئی کا بھائی بھی جعلی اکاؤنٹس میں ملوث نکلا
کراچی (اسٹاف رپورٹر) شاہ زیب قتل کیس میں سزا پانے والے شاہ رخ جتوئی کا بھائی شہزاد جتوئی بھی جعلی اکاؤنٹس میں ملوث نکلا۔ جے آئی ٹی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شہزاد علی جتوئی کی تعمیراتی کمپنی شاہ رخ انجینئرنگ نے لکی انٹرنیشنل کے جعلی اکاؤنٹ میں5 کروڑ روپے جمع کرائے‘ اس کمپنی پر بھی سندھ حکومت کی نوازشات کی بارش ہوتی رہی ہے‘ 2014ء میں اس کمپنی کو سوا 3 ارب روپے کے 2 ٹھیکے دیے گئے۔

متحدہ عرب امارات،ہیلی کاپٹر گرنے سے 4افراد جاں بحق
دبئی(صباح نیوز) متحدہ عرب امارات کی ریاست راس الخیمہ میں ریسکیو ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہونے سے 4افراد جاں بحق ہو گئے۔ہیلی کاپٹر گرنے کا منظر کیمرے میں بھی قید ہوگیا،راس الخیمہ کی پہاڑی پر ہیلی کاپٹر گرتے ہی اس میں آگ لگ گئی ۔سول ایوی ایشن حکام کے مطابق ہیلی کاپٹر میں سوار عملے کے تمام 4افراد جاں بحق ہوگئے،راس الخیمہ کے گو رنر نے حادثے کی فوری تحقیقات کا حکم دے دیا ۔

امریکا میں شدید برف باری سے7 افراد ہلاک، سیکڑوں پروازیں منسوخ
واشنگٹن (آن لائن) امریکا کی کئی ریاستیں برفانی طوفان کی زد میں آ گئیں‘ خراب موسم کے باعث ہونے والے حادثات میں ہلاک شدگان کی تعداد 7 ہوگئی ہے۔ امریکی ریاستوں کنساس، نبراسکا، نارتھ ڈکوٹا ، ساؤتھ ڈکوٹا اور منی سوٹا میں2 روز سے جاری شدید برف باری سے نظام زندگی بری طرح متاثر ہوا ہے‘ متاثرہ علاقوں میں سیکڑوں پروازیں منسوخ اور ہزاروں پروازیں تاخیر کا شکار ہوگئیں‘ بجلی اور مواصلات کا نظام بری طرح متاثر ہوا ہے۔ ادھر مسی سی پی، لوزیانا اور پینسلوینیا میں بارشوں اور سیلاب سے ہزاروں افراد متاثر ہوئے۔

الیکشن سے پہلے پی پی سے اتحاد کا مخالف کیوں تھا؟ اب عوام سمجھ گئے ،اسد عمر
اسلام آباد( آن لائن )وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ الیکشن سے پہلے پیپلزپارٹی سے اتحاد کا مخالف کیوں تھا وہ جے آئی ٹی کے رپورٹ کے بعد عوام کو سمجھ آگئی ہو گی۔ ان خیالات کا اظہاراتوار کے روز اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سایٹ ٹویٹر پر کیا۔ انہوں کہا ہے کہ الیکشن 2018ء سے پہلے پیپلزپارٹی سے اتحاد کا مخالف کیوں تھا اس کی سمجھ آپ جے آئی ٹی رپورٹ آنے کے بعد عوام کو آگئی ہو گی۔

جرمن سفیر سے زلفی بخاری اور عثمان ڈار کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو
اسلام آباد (آن لائن) پاکستان میں تعینات جرمنی کے سفیر مارٹن کوبلر نے گزشتہ روز وزیر اعظم کے مشیر زلفی بخاری اور عثمان ڈار کے ساتھ ملاقات کی۔ باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگوکی گئی‘ ملاقات کے دوران جرمنی کے سفیر نے پاکستانی نوجوانوں کو دستکاری اور فنی تربیت دینے کے مواقع فراہم کرنے کو خوش آئند قراردیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو تربیت فراہم کرنے کا جذبہ قابل تعریف ہے‘ تربیت یافتہ نوجوان کے ہاتھ پاکستان کی تقدیر ہے اوریہی کامیاب پاکستان کی کلید ہے۔

عدالت عظمیٰ میں رواں ہفتے زیر سماعت مقدمات کا شیڈول جاری
اسلام آباد (آن لائن) عدالت عظمیٰ نے رواں ہفتے زیرسماعت آنے والے مقدمات کا شیڈول جاری کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق عدالت عظمیٰ آج (پیر کو) میمو گیٹ اسکینڈل، جعلی
بینک اکاؤنٹس، زلزلہ متاثرین کی امداد، سیاست دانوں میں رقوم کی تقسیم اور پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ سے متعلق از خود نوٹس کیسز کی سماعت چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں کرے گا۔ عدالت عظمیٰ منگل کو بیرون ملک شہریوں کی بینک اکاؤنٹس، وفاقی دارالحکومت سے کچی آبادیوں کو ہٹانے، اقلیتوں کے حقوق کی فراہمی، سانحہ کوئٹہ کے متاثرین کو امدادی رقوم کی عدم فراہمی، ایڈن گارڈنز ہاؤسنگ اسکیم اسکینڈل، نجی ٹی وی چینلز سے میڈیا ورکرز کی برخاستگی، گورنر پنجاب چودھری سرور کے بھائی چودھری جاوید کے خلاف توہین عدالت ، پی سی ایس افسران کے ساتھ امتیازی سلوک سے متعلق کیسز کی سماعت ہوگی۔ بدھ کو عدالت عظمیٰ میں پاکستان سے جنگلات کے خاتمے، بجلی، تیل اور گیس کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے، گوجرانوالہ میں لڑکیوں کے اسکول کی ابتر صورتحال، ڈی ٹی ایچ کی اسمگلنگ، نجی ٹی وی چینلز کی جانب سے پیمرا کے خلاف درخواست کی سماعت ہوگی۔ جمعرات کو شہری علاقوں میں پٹواریوں اور تحصیلداروں کے طریقہ کار، پنجاب میں میگا پروجیکٹس، جوڈیشل سروس رولز میں ترامیم سے متعلق بار ایسوسی ایشن کی درخواست کی سماعت ہوگی۔ جمعے کو عدالت عظمیٰ میں این آر او کے تحت قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچانے، اسلام آباد میں سرکاری اسپتالوں میں ناکافی سہولیات، ملک بھر میں پھیلتی ماحولیاتی آلودگی، تعلیمی اداروں میں منشیات کی فروخت، اسلام آباد کے انڈسٹریل سیکٹر کے باعث ماحولیاتی آلودگی اور توہین عدالت پر سماعت ہوگی۔ عدالت عظمیٰ کی طرف سے مجوزہ تمام مقدمات کے فریقین کو نوٹسز جاری کیے جاچکے ہیں۔