پی بی 26 پر ضمنی انتخاب آج ہوگا، تمام پولنگ اسٹیشن حساس قرار

390

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) کوئٹہ سے بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 26 پر ضمنی انتخاب آج ہوگا۔ انتخابی عمل میں سامان کی تقسیم سمیت تمام انتخابی تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔ ہزارہ ڈیمو کریٹک کے قادر علی نائل، متحدہ مجلس عمل اور اپوزیشن جماعتوں کے مشترکہ امیدوار ولی محمد ترابی کے درمیان کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے۔ تحریک انصاف کے خالق داد نورزئی اور مجلس وحدت مسلمین کے آغا محمد رضا بھی میدان میں ہیں۔ الیکشن کمیشن حکام کے مطابق 57 ہزار 675 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کرسکیں گے جن کیلیے 49 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔ تمام کے تمام پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا ہے۔ سیکورٹی کے کڑے انتظامات کیے گئے ہیں، پولنگ اسٹیشنز پر ایف سی اور پولیس کے علاوہ پاک فوج کے جوان بھی تعینات ہوں گے۔ ضمنی انتخاب میں 393 اہلکار پولنگ عملے کے طور پر خدمات سر انجام دینگے۔ جن میں 49 پریزائیڈنگ افسران، 172 اسسٹنٹ پریزائیڈنگ افسران اور 172 پولنگ افسران شامل ہیں۔ پولنگ عملے میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن کے دفتر میں ضلعی انتظامیہ کی نگرانی میں انتخابی سامان تقسیم کر دیا گیا۔ پی بی 26 کوئٹہ 3 پر ضمنی انتخاب میں ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے احمد علی کوہزاد کامیاب ہوئے تھے جنہیں الیکشن کمیشن نے غیر ملکی ثابت ہونے پر نااہل قرار دے کر دوبارہ انتخاب کرانے کا حکم دیا۔ ضمنی انتخاب کیلیے 18 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جن میں سے بعض بعد میں دستبردار ہوگئے۔ اب 10 سے زائد امیدوار میدان میں ہیں تاہم اصل مقابلہ ہزارہ ڈیمو کریٹک پارٹی کے قادر علی نائل اور متحدہ مجلس عمل کے ولی محمد ترابی کے درمیان ہوگا۔ قادر علی نائل کو بلوچستان عوامی پارٹی، عوامی نیشنل پارٹی اور جمعیت علما اسلام(س) کی حمایت حاصل ہے جبکہ ولی محمد ترابی کو اپوزیشن کی اہم جماعتوں پشتونخواملی عوامی پارٹی اور بلوچستان نیشنل پارٹی کی حمایت ملی ہے۔