واٹر بورڈ میں ترقیوں کے احکامات پر عملدرآمد روک دیا گیا

241

کراچی (رپورٹ: محمد انور) کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ میں حال ہی منظور کی گئی ترقیوں کے احکامات پر عمل درآمد روک دیا گیا ہے۔ یہ بات واٹر بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر خالد محمود شیخ نے جسارت کے استفسار پر بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ گریڈ20 کی خالی اسامی پر ترقی پانے والے ظفر پکی جو کے حوالے سے جو اعتراضات سامنے آئے ہیں اس کا نوٹس لیا گیا ہے۔ ایم ڈی واٹر بورڈ کا کہنا تھا کہ کسی انجینئر یا افسر کی خلاف ضابطہ ترقی نہیں ہوگی اور کسی کی ترقی کی سفارش کے عمل میں جانبداری کرکے بے قاعدگی کی گئی ہے تو اس کا جائزہ لیکر ہی نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔ خالد محمود نے کہا کہ فی الحال کسی افسر کی ترقی کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا۔ ظفر پلیجو سمیت تمام انجینئرز کی ترقیوں میں بے قاعدگی کے حوالے سے ڈ ی ایم ڈی ،ایچ آر ڈی سے رپورٹ طلب کی جا چکی ہے جبکہ ساتھ ہی انہیں تمام ترقیوں کے فیصلے کا ازسر نو جائزہ لیکر دوبارہ حتمی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گریڈ 19 کے ظفر پلیجو کا نام سینیارٹی لسٹ میں گیارہویں نمبر تھا جبکہ انہیں5 انجینئرز کو بائی پاس کرکے ترقی دینے کی سفارش کی گئی تھی جس کی وجہ سے ادارے کے سینئر انجینئرز میں بے چینی پھیل گئی تھی۔