اصغر خان عملدرآمد کیس،مزید کارروائی کے لیے اصغر خان کے ورثا کو نوٹس جاری

394

سپریم کورٹ نے اصغر خان عملدرآمد کیس کی مزید کارروائی کے لیے ائیر وائس مارشل ریٹارئرڈ اصغر خان کے ورثا کو نوٹس جاری کردیئے۔

چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 2 رکنی بنچ نے اصغر خان عملدرآمد کیس کی سماعت کی۔عدالت میں ایف آئی اے کی رپورٹ پیش کی گئی جس میں کیس کو بند کرنے کی سفارش کی گئی۔ڈی جی ایف آئی اے بشیر میمن نے کہا کہ پیسے لینے دینے کی کڑیاں نہیں ملتیں۔

چیف جسٹس نے کہا کہ ایف آئی اے نے کہہ دیا ہے کہ کیس نہیں بنتا اور اسے بند کردیا جائے۔ جسٹس اعجازالاحسن نے ریمارکس دیے کہ اخباری خبروں پر سزا تو نہیں ہوسکتی۔چیف جسٹس نے کہا کہ مقدمہ کی کارروائی ائیر وائس مارشل ریٹارئرڈ اصغر خان کی درخواست پر شروع ہوئی، وہ تو اس دنیا میں نہیں رہے، مزید کارروائی کے لیے ان کے ورثا کو نوٹس جاری کرتے ہیں۔ عدالت نے اصغر خان کے ورثا کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت ایک ہفتے کے لیے ملتوی کردی۔