کراچی (اسٹاف رپورٹر ) 11ویں ڈی جی رینجرز اوپن اسکواش چیمپئن شپ میں مینز کا ٹائٹل زرعی ترقیاتی بینک کے طیب اسلم نے سوئی ناردرن گیس کے اسرار احمد کو 3-1، 11-9، 9-11، 11-9، 11-6 سے شکست دے کر اپنے نام کرلیا۔ خواتین ایونٹ میں نسٹ کی فائزہ ظفر نے سوئی ناردرن گیس کی سعدیہ گل کو 3-1، 10-12، 13-11، 11-9، 11-8سے مات دے کر چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ تقریب تقسیم انعامات کے مہمان خصوصی ڈی رینجرز سندھ میجر جنرل محمد سعید تھے جنہوں نے فاتح کھلاڑیوں میں نقد انعامات بھی پیش کیے۔ مینز فاتح طیب اسلم نے 2,550یو ایس ڈالرز اور رنر اپ اسرار احمد نے 1,560یو ایس ڈالرز وصول کیے۔ خواتین ایونٹ میں فائزہ ظفر نے 850یو ایس ڈالرز اور رنر اپ سعدیہ گل نے 520یو ایس ڈالرز وصول کیے۔ اس موقع پر لیجنڈ اسکواش چیمپئن جہانگیر خان، سیکٹر کمانڈر برگڈئیر نسیم پرویز، انصار برنی، سیکریٹری سندھ اسکواش ایسوسی ایشن راشد احمد بھی موجود تھے۔