گلگت تاکراچی سردی کی شدت میں مزید اضافے کا امکان 

445
بچے سردی کی شدت کم کرنے کیلیے ہاتھ تاپ رہے ہیں
بچے سردی کی شدت کم کرنے کیلیے ہاتھ تاپ رہے ہیں

اسلام آباد(صباح نیوز)ملک کے بیشتر علاقوں میں سردی کے ڈیرے برقرار ہیں، استور میں درجہ حرارت منفی 7، کوئٹہ منفی 6 اور کالام منفی میں5تک گر گیا۔ پنجاب کے علاقوں میں ہفتے کو دھند چھائی رہی۔لاہور میں گزشتہ 2روزسے پڑنے والی دھند کی شدت میں کمی واقع ہوئی۔شہر میں سورج کی کرنیں پڑنے سے موسم خوشگوار ہوگیا تاہم دھوپ نکلنے کے باوجود سردی کی شدت برقرار ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹے میں بارش کا کوئی امکان نہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہر کا کم سے کم درجہ حرارت7ڈگری سینٹی گریڈ اور زیادہ سے زیادہ 22 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ جنوری کے پہلے ہفتے میں بارش کا امکان ہے جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو جائے گاجب کہ آئندہ24 گھنٹے کے دوران سردی کی شدت مزید بڑھنے کا امکان ہے تاہم پنجاب کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں ہلکی دھند پڑنے کا امکان ہے۔دوسری جانب چیف میٹرولوجسٹ ڈاکٹر محمد حنیف نے پیشگوئی کی ہے کہ نئے سال کا آغاز پاکستان میں سردی کی لہر سے ہوگا۔ہفتے کو نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد حنیف نے بتایا کہ سرد ہواؤں کا سلسلہ پاکستان میں داخل ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ گلگت سے کراچی تک یخ بستہ ہوائیں تمام علاقوں کو لپیٹ میں لے لیں گی لیکن سرد ہواؤں کا زیادہ زوربلوچستان میں رہے گا۔محمد حنیف کے مطابق 2 روز بعد کوئٹہ سمیت بلوچستان میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گر جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ کراچی سمیت سندھ کی ساحلی پٹی اور میدانی علاقوں میں سرد ہوائیں داخل ہوں گی۔دوسری جانب پاکستان کے بالائی علاقے بھی سرد ہواؤں کے زیر اثر آئیں گے۔ڈاکٹر محمد حنیف کا کہنا تھا کہ آنے والے دنوں میں بارش یا برف باری کا امکان نہیں۔انہوں نے بتایا کہ جنوری میں معمول سے کم بارشیں ہوں گی۔