شہر بھر میں ووٹرز سپورٹرز مہم کا آغاز کیاجائے،ذکراﷲمجاہد

468
لاہور : امیر جماعت اسلامی لاہورذکراﷲ مجاہد ضلعی ذمے داران کے خصوصی اجلاس سے خطاب کررہے ہیں
لاہور : امیر جماعت اسلامی لاہورذکراﷲ مجاہد ضلعی ذمے داران کے خصوصی اجلاس سے خطاب کررہے ہیں

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی لاہور جنوری میں شہر بھر میں ہر یوسی اور وارڈ کی سطح پر “ووٹرز، سپورٹرز” مہم کا آغاز کرے گی جو 2018 ء کے انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے نقطہ آغاز ثابت ہو گی اور اس مہم میں ہر سطح کے ذمہ داران اور کارکنان پوری قوت کے ساتھ عوام میں الیکشن تک “ووٹر ز،سپورٹرز” مہم چلائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی لاہور کے زیر اہتمام شہر کے بھر کے ذمہ داران کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہور انجینئر اخلاق احمد ، نائب امراء جماعت اسلامی لاہور ملک شاہد اسلم ، ضیا الدین انصاری ، انجینئرخالد عثمان ، صدر الخدمت فاؤنڈیشن لاہور عبدالعزیز عابد ، سابق رکن اسمبلی سید احسان اللہ وقاص ، جے آئی یوتھ لاہور کے صدر شاہد نوید ملک، امرا علاقہ جات خالد احمد بٹ، عبدالرشید مرزا ، چودھری محمد شوکت ، حاجی ریاض الحسن ، ملک شفیق ، سیکرٹری سیاسی کمیٹی چودھری محمود الاحدودیگر ذمہ داران نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ جما عت اسلامی کا ہر کارکن امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کے اسلامی پاکستان اور خوشحال پاکستان کے وژن کو آگے بڑھانے کے لیے عزم اور کمر بستہ ہو جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک کو اس وقت لبرل اور سیکولر اسٹیٹ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے اور یہ مذموم کوشش کرنے والے نامراد کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی لبرل اور سیکولر طبقے کی ان مذ موم خواہشات کو پورا نہیں ہونے دے گی اور ہم ملک میں عوامی طاقت کے ذریعے ایک مبارک اسلامی انقلاب برپا کریں گے جو عوام کی ترقی اور خوشحالی کا ذریعہ بنے گا۔