میرپورخاص؛چنگچی ٹھیلوں کی بھرمار ،ٹریفک جام معمول بن گیا

611

میرپورخاص(نمائندہ جسارت)میرپورخاص میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ،سیشن کورٹ کے سامنے موجود شاہراہ سمیت دیگر شاہراہوں پر رکشہ چنگچی اور ٹھیلا مافیا نے ناجائز اسٹینڈ قائم کر لیے، شہریوں کا پیدال چلنا محال ،ٹریفک اہلکار سیٹی بجا کر اپنی موجودگی کا احساس دلاتے ہیں کاروائی کرنے سے گریز ، ٹھیلے والوں سے ماہانہ لاکھوں روپے خرچی کے عوض من پسند جگہ پر کھڑا ہونے کی اجازت لی جاتی ہے۔تفصیلات کے مطابق میرپورخاص شہر میں ٹریفک کا نظام جام ہو کر رہ گیا ہے سیشن کورٹ روڈ ، مارکیٹ چوک ، پوسٹ آفس چوک ، میرواہ روڈ ، سول اسپتال روڈ ، سمیت دیگر اہم شاہراؤں پر رکشہ چنگچی اور فروٹ بیچنے والوں نے ٹریفک اہلکاروں کی آشیر بادسے ناجائز اسٹینڈ قائم کر لیے ہیں ،ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ٹریفک اہلکار ٹھیلا مافیا رکشہ اور چنگچی مافیا سے ماہانہ لاکھوں روپے خرچی وصول کرتے ہیں جس کے عیوض انہیں سیشن کورٹ روڈ ، مارکیٹ چوک ، میرواہ رو ڈ اور سول اسپتال روڈ سمیت دیگر جگہوں پر ناجائز اڈے قائم کرنے کی اجازت د ے رکھی ہے ،جس کی وجہ سے ان شاہراؤں پر ہر وقت ٹریفک جام رہتا ہے اور منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے ہوتاہے۔ ان شاہراہوں پر خواتین بچوں اور بزرگ شہریوں کو پید ل چلنے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے ،ٹریفک اہلکار صرف سیٹیاں بجا کر اپنی موجودگی کا احساس دلاتے ہیں مگر شاہراہوں کے درمیان او ر ناجائز رکشہ چنگچی اسٹینڈ قائم کرنے والوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کرتے ۔بلدیہ شاپنگ سینٹر اور سیشن کورٹ کے درمیان شاہراہ پر ناجائز رکشہ اسٹینڈ قائم ہونے کی وجہ سے کورٹ آنے والے افراد کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ،جس کی وجہ سے کورٹ میں پیشی پر آنے والے افراد وقت پر کورٹ نہیں پہنچ پاتے ہیں جس کی وجہ سے یہ افراد شدید پریشانی کا شکار رہتے ہیں۔ شہر کی سول سوسائٹی سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں، ایڈووکیٹ شوکت راہموں، کامران میمن ، مولانا حفیظ الرحمن ، نواب قریشی ،واجد لغاری ، محمد بخش کپری و دیگر نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر میں جگہ جگہ قائم ناجائز ٹھیلامافیا ،رکشہ او ر چنگچی اسٹینڈ کو فوری ختم کر کے عوام کی مشکلات کو دور کیا جائے۔