اہم خبریں

393

ن لیگ سے ہمدردی، ایم کیو ایم کے اے پی سی اعلامیے پر تحفظات

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے ہونے والی اے پی سی کے مشترکہ اعلامیے پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ تحقیقات کے بغیرسانحے کی ذمے داری کسی پرنہ ڈالی جائے۔ایم کیو ایم پاکستان کے ترجمان نے طاہر القادری کی اے پی سی کے مشترکہ اعلامیے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تحقیقات کے بغیر کسی پر بھی سانحہ ماڈل ٹاؤن کی ذمے داری نہ ڈالی جائے جبکہ سابق وزیراعظم نوازشریف، وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف اور وزیرقانون پنجاب راناثنااللہ کوسانحے کا ذمہ دار ٹھرانے پر بھی ایم کی ایم پاکستان نے اعتراض کیا۔ لاہور میں پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ذمے داروں کا تعین کرنے کے لیے آل پارٹیز کانفرنس طلب کی تھی جس میں اپوزیشن کی تمام بڑی جماعتوں نے شرکت کی تاہم مشترکہ اعلامیے میں اعتراضات پر ایم کیو ایم پاکستان اے پی سی کے اختتام سے قبل ہی واپس روانہ ہوگئی تھی۔واضح رہے سانحہ ماڈل ٹاؤن پر بلائی گئی اے پی سی نے پنجاب حکومت کو 7 روز کی مہلت دیتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اورصوبائی وزیرقانون رانا ثنا اللہ سے مستعفیہونے کا مطالبہ کیا ہے۔

سراج الحق،زرداری، عمران مصروفیات کے باعث اے پی سی میں شرکت نہ کر سکے

لاہور (آن لائن) پاکستان عوامی تحریک کے زیر اہتمام منہاج سیکرٹریٹ میں منعقد ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس میں ملک کی 4مختلف سیاسی جماعتوں کے سربراہان شرکت نہ کر سکے تاہم اس کانفرنس میں ان کے پارٹی وفود نے بھرپور نمائندگی کی۔کانفرنس کے انعقاد پر چند روز قبل ڈاکٹر طاہر القادری کو اپنے فیصلے سے آگاہ کر دیا تھا، سراج الحق بیرون ملک دورے پر ہونے کی وجہ سے، چودھری شجاعت حسین طبیعت کی ناسازی، آصف علی زرداری اور عمران خان اپنی سیاسی مصروفیات کی وجہ سے کانفرنس میں شرکت نہ کر سکے۔

آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت سے قبل پی ٹی آئی رہنماؤں کا مشاورتی اجلاس

لاہور (آن لائن) پاکستان عوامی تحریک کی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں نے پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ایک مشاورتی اجلاس منعقد کیا، جس میں کانفرنس میں مؤقف اختیار کرنے اور تجاویز دینے سے متعلق مختلف پہلوؤں پر غور کیاگیا، اجلاس میں شاہ محمود قریشی، شفقت محمود، چودھری سرور سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔

سائبر حملوں کا خدشہ، پختونخوا کے سر کاری محکموں میں الرٹ جاری

پشاور(آن لائن)صوبائی محکموں کی ویب سائٹس اور ای میلز پر سائبر حملوں کے خدشات کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا گیاہے۔یہ الرٹکمشنرز،ڈپٹی کمشنرز، ڈی پی اوز،ڈی آئی جیز سمیت تمام صوبائی سرکاری محکموں اورذیلی اداروں میں کمپیوٹر سیکشنز کے عملے کو جاری کیا گیا ہے۔ کمپویٹر آپریٹرز کو آگاہ کیا گیا ہے کہ ہیکرز سائبر حملوں کے ذریعے ویب سائٹس اور ای میل تک رسائی حاصل کر کے معلومات چوری کر سکتے ہیں۔ واٹس ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے میں احتیاط بر تی جائے جبکہ ای میلز کے ساتھ اٹیچ فائلز اورکسی میل میں آنے والے لنکس کو نہ کھولا جائے۔

متاثرین کا وزیراعلیٰ کے بیان حلفی کی آڈیو وڈیو کے لیے پنجاب انفارمیشن کمیشن سے رابطہ

لاہور (آن لائن) پنجاب حکومت کی جانب سے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے متاثرین کو جوڈیشل انکوائری میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور رانا ثنا اللہ کے بیان خلفی کی آڈیو وڈیو نقول فراہم نہ کرنے کا معاملے پر سانحہ ماڈل ٹاؤن کے متاثرین نے پنجاب انفارمیشن کمیشن سے رابطہ کر لیا ۔سانحہ کے متاثر قیصر اقبال اور دیگر نے ایڈووکیٹ اظہر صدیق کی وساطت سے پنجاب انفارمیشن کمیشن میں شکایت درج کرا دی۔

باقر نجفی رپورٹ نے سب کچھ کھول دیا ظلم کی انتہا ہے، مصطفی کمال

لاہور (آن لائن) پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی شکل میں لاہور کے عوام پر ظلم کی انتہا کر دی گئی ہے، پاکستان کے ساتھ جتنا مذاق ہونا تھا وہ ہو گیا، جس کا خمیازہ ہم سب آج تک بھگت رہے ہیں اور اگر یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہا تو پاکستان کااللہ ہی حافظ ہے، پاکستان عوامی تحریک کی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کے لیے لاہور پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصطفی کمال نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں 14 شہریوں کو شہید اور 91 افراد کو زخمی کیاگیا، جس پر آواز بلند کرنا ہم سب کا فرض ہے ۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے جسٹس باقر نجفی رپورٹ نے سب کچھ کھول دیا ہے، اس سانحے میں جو بھی ذمے دار ہے وہ خود کو قانون کے حوالے کر دیں۔