ملکی زر مبادلہ کے ذخائر میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے، اسحاق ڈار

377

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ گزشتہ تین سالوں میں معاشی پالیسیوں کی بدولت ملکی زر مبادلہ کے ذخائر میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے ۔حکومت کی توجہ معاشی ترقی میں مزید تیزی لانے اور معاشی استحکام پر مرکوز ہے ۔

گورنر سٹیٹ بینک آف پاکستان اشرف محمود واتھرا نے ہفتہ کے روز وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے اسلام آباد میں ملاقات کی ۔ گورنر سٹیٹ نے وزیر خزانہ کو ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر کی صورتحال سے آگاہ کیا ۔ انہوں نے وزیر خزانہ کو بتایا کہ 30 دسمبر 2016 ء کو سٹیٹ بینک نے مالی سال 2017 ء میں پاکستانی معیشت کے بارے میں پہلی سہ ماہی رپورٹ جاری کر دی ہے ۔

رپورٹ کے  مطابق مالی سال کے دوران میکر اکنامک کے اعدادو شمار سے ظاہر ہے کہ معاشی ترقی کی رفتار درست ہے ۔ انہوں نے وزیر خزانہ کو نیشنل فنانشل انکلوژن اسٹریٹجی ( این ایف آئی ایس ) پر عملدرآمد میں ہونے والی پیشرفت سے بھی آگاہ کیا ۔

وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے سٹیٹ بینک آف پاکستان کی تعریف کی ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی معاشی پالیسیوں کے نتیجے میں گزشتہ تین سالوں کے دوران زرمبادلہ کے ذخائر میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے اور پاکستان کو معاشی استحکام حاصل ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی توجہ معاشی ترقی میں مزید اضافے اور اس کے استحکام پر مرکوز ہے ۔ این ایف آئی ایس سمیت اس طرح کے دوسرے اقدامات پر کامیابی کے ساتھ عملدرآمد معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا ۔