عمران خان نے انتشارکی سیاست کی جو بنیاد رکھی ، امیر مقام

324

وزیراعظم کے مشیرانجینئرامیرمقام نے کہاہے کہ کرپشن کےخلاف عمران خان اور آصف زرداری کا ایک ساتھ مل کر مہم چلانا سال 2016کا بڑاسیاسی عجوبہ ہے، عمران خان نے گالم گلوچ اور انتشارکی سیاست کی جو بنیاد رکھی تھی، آج وہ خود اس کے بھنورمیںپھنس گئے ہیں‘ سال 2017بھی سال2016کی طر ح خیبر پختونخوا میں مسلم لیگ ن کے عروج اور پی ٹی آئی کے زوال کا سال ثابت ہوگا،مسلم لیگی ورکرزکو نئی نئی خوشخبریاں اور پی ٹی آئی کو مایوسیاں ملیں گی ، بلاول کا 27دسمبر گزرگیا اور 2017بھی یوں ہی ترقی کے سفر میں گزرجائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مینگورہ میں مسلم لیگی رہنما اورڈسٹرکٹ کونسلرارشادخان کے چچا زاد بھائی ڈاکٹر فواد اور چچی کی حادثاتی موت اور مٹہ میں سابق صوبائی وزیر دوست محمد خان کی ہمشیر ہ اور سابق ایم این اے شجاعت علی خان کی اہلیہ کی وفات پر فاتحہ خوانی کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انجینئر امیرمقام نے کہاہے کہ عمران خان اور بلا ول کو پاکستانی کی ترقی اور مسلم لیگ (ن) کی پذیرائی ہضم نہیں ہورہی ہے لیکن ان دونوں صاحبان کو محض خالی ہاتھ مسلنے کے علاوہ کچھ نہیںملے گا۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان وزیر اعظم نوازشریف کی قیادت میں ایک مضبو ط اور خوشحال ملک کے طور پر سفر کررہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ میں پورے پاکستان کے عوام کو نئے سال کی مبارکباد پیش کرتاہوں اور دعا ہے کہ یہ سال بھی پاکستان کے لئے ترقی اور عوام کے لئے خوشحالی کا سال ثابت ہو، ساڑھے تین سال گزگئے لیکن پی ٹی آئی کی حکومت نے عوام کی خوشحالی اور صوبے کی ترقی کے لئے کوئی کام نہیں کیا ہے انہوں نے کہاکہ مستقبل میں مسلم لیگ ن ہی اس ملک اور صوبہ خیبر پختونخوا میں دوبارہ جیت کر سامنے آئے گی اورحکومت بنائیگی۔