کم عمری میں اسپورٹس کی رغبت شخصیت میں نکھار لاتی ہے ،سیکریٹری اسپورٹس

336

کراچی (اسٹاف رپورٹر )سیکریٹری اسپورٹس سلیم رضا کھوڑو نے کہا ہے کہ اسکول کے طلبا کو کم عمری میں ہی اسپورٹس کی جانب راغب کرنے سے ان کی شخصیت لڑکپن میں نکھر سکتی ہے ،اساتذہ اس حوالے سے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ’’آئی لیڈ ‘‘ کے زیر اہتمام انرجیکٹو اسپورٹس ٹیچرز ٹریننگ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر علی حسن منیجر یوتھ پروجیکٹ،پروجیکٹ ہیڈ فہیم بخاری،آصف جعفری کو آرڈی نیٹر اور محمد صغیربھی موجود تھے۔’’آئی لیڈ ‘‘، صوبائی محکمہ کھیل اور حبیب یونیورسٹی فاؤنڈیشن کے مشترکہ پراجیکٹ کے اس پروگرام کے تحت کراچی ،حیدرآباد اور سکھر کے18پارٹنر اسکولوں کے60 مرد وخواتین اساتذہ نے شرکت کی۔ 3 روزہ ورک شاپ کے دوران آئی لیڈ پراجیکٹ کے مقاصد،پروگرام کی تفصیلات ،اسے بروئے کار لانے اور طالب علموں کی کھیلوں سے متعلق صلاحیتوں کو ابھارنے اور اس طرز کی سرگرمیوں کو مستقل جاری رکھنے کے سلسلے میں لیکچرز اور پریکٹیکل کا اہتمام کیا گیا تھا ،اسسٹنٹ منیجر عائشہ جلیل،سینئر پروگرام آفیسر محمد عامرپروگرام آفیسر نواز حسین اور سدرہ اجمل نے شرکا کو لیکچر دیے ۔
سیکریٹری اسپورٹس نے کہا کہ اس طرز کے پروگرامز سے نا صرف طلبا ابتدائی عمر میں کھیلوں سے واقفیت حاصل کر سکیں گے بلکہ انہیں اپنی پسند کے کھیل کو جاری رکھنے میں راہنمائی بھی مل سکے گی ،اب یہ اس کورس میں شریک اساتذہ پر منحصر ہے کہ وہ اپنے اپنے اسکولز میں کس طرح اس کورس سے استفادہ کرتے ہیں ۔اپنی نوعیت کا یہ منفرد پروگرام آئی سی اے ٹی میں منعقد کیا گیا ۔فہیم بخاری نے اپنے خطاب میں کہا کہ انرجیکٹو پروگرام اسکولوں کے طالب علموں کے لیے کم وسائل میں ذہنی صلاحیتوں اور جسمانی نشونما کے لیے مثبت سرگرمیوں کی جانب رغبت دلانے کی کوشش ہے تاکہ صحتمند معاشرے کی تعمیر کی جا سکے ۔