پانی کا بدترین بحران ‘ خانپور ڈیم خشک سطح ڈیڈ لیول کے قریب

453

ہری پور/اسلام آباد (اے پی پی) پانی کے بدترین بحران کے باعث خانپور ڈیم
خشک ہونے لگا، سطح تیزی سے گر کر ڈیڈ لیول کے قریب پہنچ گئی، راولپنڈی،اسلام آباد سمیت زرعی ضروریات کے لیے پانی کی فراہمی معطل ہونے کا خطرہ ہے، ہر روز ایک فٹ پانی کم ہو رہا ہے۔ ماہرین کی رائے کے مطابق بارشیں نہ ہوئیں تو ڈیم مکمل طور پر خشک ہو سکتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق طویل خشک سالی کے باعث خانپور ڈیم میں پانی کی سطح تیزی سے گر رہی ہے جس کے باعث رواں سال ڈیم مکمل طور پر خشک ہونے کا خطرہ بھی پیدا ہو گیا ہے، ڈیم میں پانی کی سطح ہر روز ایک فٹ کے قریب گر رہی ہے۔ باخبر ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ ڈیم میں پانی کی سطح تیزی سے گرنے کی وجہ سے آنے والے دنوں میں ڈیم سے راولپنڈی،اسلام آباد سمیت زرعی ضروریات کے لیے پانی کی فراہمی معطل کی جا سکتی ہے جس کی بابت ڈیم انتظامیہ نے راولپنڈی کینٹ بورڈ اور اسلام آباد انتظامیہ کو آگاہ کر دیا ہے۔ ڈیم ماہرین کا کہنا ہے کہ رواں سال بارشیں نہ ہونے کی وجہ سے ڈیم میں پانی کی آمد نہیں ہو رہی ہے۔دریں اثناصدر مملکت کی اپیل پر اسلام آباد میں فیصل مسجد سمیت ملک بھر کی تمام چھوٹی بڑی مساجد میں نماز استسقا ادا کی گئی،تمام شہروں کے ساتھ ساتھ تمام قصبوں اور دیہاتوں میں بارش کے لیے خصوصی دعا ئیں کی گئیں ۔