ٹمبر مارکیٹ پرانا حاجی کیمپ کے دکانداروں کی احتجاجی ریلی موخر

452

کراچی( اسٹاف رپورٹر) آتشزدگی سے متاثرہ لکڑی کے دکانداروں کے حق میں ٹمبر مارکیٹ پرانا حاجی کیمپ کے دکانداروں کی احتجاجی ریلی انتظامیہ اور Kالیکٹرک کے ذمے داران کی یقین دہانی کے بعد مؤخر کردی گئی، تین دن میں آتشزدگی سے متاثرہ دکانوں کے نقصان کا تخمینہ لگا کر ازالے کی سفارش حکام بالا کو بھجوائی جائے گی، Kالیکٹرک ٹمبر مارکیٹ میں عارضی کنکشن ختم کرکے میٹر نصب کرے گی، مارکیٹ کو لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ اور کنڈوں سے محفوظ رکھنے کے لیے کیبل سسٹم متعارف کروایا جائے گا، علاقے میں فائر اسٹیشن کی حالت کی بہتری کے لیے بھی سفارشات تیار کی جائیں گی یہ فیصلے اسسٹنٹ کمشنر گارڈن، نذیر سومرو، ڈائریکٹر Kالیکٹرک شیخ ہمایوں، جنرل منیجر شفقت حسین، تاجر رہنما شرجیل گوپلانی، چیئرمین گرین ٹمبر مارکیٹ فاروق جعفرانی، طاہر سربادی، حسین ترک، سید دلاور حسین، صابر بنگش، زوہیب بگلہ اور دیگر کے مابین ایک ملاقات میں کیے گئے، بعد ازاں آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر نے ٹمبر مارکیٹ میں احتجاجی ریلی کے لیے جمع ہونے والے سپریم کونسل کے نمائندگان طارق ممتاز، احمد شمسی، زبیر علی خان، شیخ محمد عالم، شبیر کپور، زاہد احمد، سید شرافت علی، انصار بیگ قادری، رفیق جعفرانی اور سینکڑوں تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب تک فائر بریگیڈ کے محکمے کو جدید خطوط پر استوار نہیں کیا جاتا تاجروں کی احتجاجی تحریک جاری رہے گی، انھوں نے کہا کہ شہر میں آتشزدگی کے مختلف واقعات میں فائر بریگیڈ کی کارکردگی انتہائی ناقص اور بدترین ہے، آگ تمام مال و اسباب جلاکر خود بجھ جاتی ہے لیکن فائر ٹینڈرز اکثر پانی اور وسائل کی عدم دستیابی اور دیگر خرابیوں کاعذر پیش کرتے نظر آتے ہیں، انھوں نے کہا کہ شہر میں جہاں جہاں آتشزدگی کے واقعات ہورہے ہیں تاجر اور شہری اپنا اثاثہ جلنے کے باعث تباہ و برباد ہورہے ہیں جبکہ بعض مواقع پر شہریوں کو ناقابلِ تلافی جانی نقصان بھی اٹھانا پڑا ہے، انھوں نے کہا کہ حکومت سندھ کو متاثرہ تاجروں کی دوبارہ بحالی تو درکنار موقع پر پہنچ کران کی حوصلہ افزائی کی بھی توفیق نہیں ، انھوں نے وزیرِاعلیٰ سندھ کو چارٹرڈ آف ڈیمانڈ بھی پیش کیا جس کے مطابق مطالبہ کیا گیا ہے کہ(1) اولڈ حاجی کیمپ گرین ٹمبر مارکیٹ کے آتشزدگی سے متاثرہ دکانداروں کی دوبارہ بحالی کے لیے مالی امداد فراہم کی جائے،(2) Kالیکٹرک ٹمبر مارکیٹ میں آئندہ شارٹ سرکٹ کے تحت حادثات روکنے کے لیے عارضی کنکشن ختم کرکے بجلی کے میٹر نصب کرے۔
،(3) مستقبل میں آتشزدگی کے نقصانات کی روک تھام کے لیے ٹمبر مارکیٹ کے قریب واقع فائر اسٹیشن کو وسائل کی فراہمی اور کارآمد بنایا جائے۔