وفاقی حکومت کی جانب سے 44اسپتالوں کاقیام خوش آئند ہے، پی ایم اے

292

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ملک کے مختلف حصوں میں وفاقی حکومت کی جانب سے 44 نئے مجوزہ اسپتالوں کے قیام کا خیر مقدم کرتی ہے۔ ان علاقوں میں نئے اسپتال بنانا خوش آئند ہے جہاں غریب عوام کے لیے صحت کی بنیادی اور ثانوی سہولتیں میسر نہیں۔ پی ایم اے کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق پی ایم اے حکومت کے نئے اسپتالوں کے قیام کے فیصلے کو سراہتی ہے لیکن اس کے ساتھ ہر شہری تک منظم نکاسی آب اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے بنیادی ڈھانچے کی تشکیل پر بھی سرمایہ کاری کرے، بنیادی اور دیہی مراکز صحت فعال کرے، موجودہ بنیادی اور ثانوی اسپتالوں میں صحت کی سہولتوں کا معیار بلند کرے۔ اسپتالوں کے لیے تربیت یافتہ افرادی قوت کی تیاری کو خاص ہدف بنایا جائے۔ اس ضمن میں ایک جامع منصوبہ تشکیل دے اور عمارات کے مکمل ہونے اور مہنگے آلات کی خریداریوں سے پہلے افرادی قوت کی تربیت کا کام مکمل کر لیا جائے اور ان کو نئے اسپتالوں میں تعینات کر دیا جائے۔ پی ایم اے کی تمام برانچیں اس سلسلے میں حکومت کی مدد کرنے کے لیے تیار ہیں۔ پی ایم اے امید کرتی ہے کہ حکومت ان اسپتالوں کی تعمیر اور انتظامی امور کے بارے میں جلد تفصیلی منصوبہ پیش کرے گی۔