مودی اچھل کود بند کریں‘ ملک میں حکومت نامی کوئی چیز نہیں‘لالو

286

نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارتی جماعت راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے صدر لالو پرساد یادو نے الزام لگایا ہے کہ آئندہ سال 31 مارچ کے بعد پرانے نوٹ کے سلسلے میں قانونی تنازع سے وزیر اعظم نریندر مودی کو بچانے کے لیے مرکزی حکومت نے نیا آرڈیننس لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پٹنہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئندہ سال 31مارچ کے بعد اگر کوئی شخص پرانے نوٹوں کے معاملے میں عدالت جاتا ہے تو ایسی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے کہ وزیر اعظم مودی کو عدالتی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے ۔نوٹ پر یہ لکھا رہتا ہے کہ ریزرو بینک آف انڈیا اس نوٹ کو رکھنے والے شخص کو اتنی ہی قیمت ادا کرنے کا وعدہ کرتا ہے ۔ اس سلسلے میں کوئی بھی شخص عدالت سے رجوع کر سکتا ہے ۔ اس سے بچنے کے لیے ہی آرڈیننس لایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اب مودی خود کو بچانے کے لیے طرح طرح کا دھوکا دے رہے ہیں۔نوٹ بند کرنے سے پیدا ہوئے مسائل کی کوئی انتہا نہیں ۔ اب یہ نہیں لگتا ہے کہ ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز ہے ۔ انہوں نے اپنے خاص انداز میں کہا کہ مودی اب اچھل کود بند کریں۔لوگوں کو بتائیں کہ نوٹ بند کرنے کے بعد سے کتنا کالا دھن آیا۔
مودی / لالو پرساد