کشمیر اور فلسطین کےلئے آواز اٹھانی چاہیے، جاوید شیخ

لاہور:سینئر اداکار جاوید شیخ نے کہا ہے کہ افغانستان کےلئے او آئی سی کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کا انعقاد کرنا پاکستان کی قابل ستائش کاوش ہے ،جس طرح امت مسلمہ افغانستان کی مددکےلئے ایک پلیٹ فارم پر اکٹھی ہوئی ہے ایسے کشمیر اور فلسطین کے لئے ایک پلیٹ فارم سے آواز اٹھانی چاہیے ۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید شیخ نے کہا کہ پاکستان دنیا میں انتہائی اہمیت کا حامل ملک ہے اور افغانستان کے معاملے پر او آئی سی کے وزرائے خارجہ کے پاکستان میں اجلاس کا انعقاد اس کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔
اداکار کا کہنا تھا امید ہے کہ کانفرنس میں افغانستان کی عوام کےلئے جو وعدے کئے گئے ہیں انہیں بلا تاخیر پورا کیا جائے گا تاکہ وہاں کوئی انسانی المیہ جنم نہ لے، پاکستان پہلے ہی لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی کر رہا ہے اور اب پاکستان کے اپنے حالات ایسے نہیںہیں کہ وہ مزید مہاجرین کی میزبانی کا بوجھ اٹھاسکے۔