این آئی سی وی ڈی کے13ویں چیسٹ پین یونٹ کا افتتاح

قومی ادارہ برائے امراض قلب نے 13 ویں چیسٹ پین یونٹ کا آغاز کردیا،کے ایم سی کی کے آئی ایچ ڈی کو این آئی سی وی ڈی کا سیٹلائیٹ سینٹر بنانے پر آمادگی

لیاری جنرل اسپتال کے چیسٹ پین یونٹ کو سیٹلائٹ سینٹر میں تبدیل کرکے پیر سے انجیوگرافی،انجیو پلاسٹی  کی سہولیات شروع کردی جائیں گی

وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر برائے قانون، ماحولیات و ساحلی ترقی اور ترجمان مرتضیٰ وہاب نے کراچی کے شہریوں کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ میئر کراچی وسیم اختر نے کراچی انسٹیٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیز کو قومی ادارہ برائے امراض قلب کے حوالے کرنے پر آمادگی ظاہر کردی ہے جس کے بعد اس ادارے کو این آئی سی وی ڈی کا سیٹلائٹ سینٹر بنایا جائے گا اور ضلع وسطی سمیت آس پاس کے تمام علاقوں کے شہریوں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی ممکن ہوسکے گی۔ دوسری طرف لیاری میں قائم  قومی ادارہ برائے امراض قلب کے چیسٹ پین یونٹ کو سیٹلائٹ سینٹر میں تبدیل کردیا گیا ہے اور 7اکتور سے انجیوگرافی اور ہارٹ اٹیک کی صورت میں  انجیو پلاسٹی  کی شروع کردی جائیں گی جبکہ سیٹلائٹ سینٹر کا باقاعدہ افتتاح پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری جلد ہی کریں گے۔ سندھ حکومت نے سندھ میں صحت کی سہولیات، خاص طور پر دل کے مہنگے علاج کو کراچی سے لے کر سکھر تک عام آدمی کی دہلیز تک پہنچا دیا ہے۔ کراچی میں سڑکوں کی مرمت کا آغاز کردیا ہے جبکہ ادارہ تحفظ ماحولیات سندھ نے پلاسٹک کی تھیلیوں کے استعمال پر پابندی کو یقینی بنانے کے لیے کراچی سمیت! سندھ بھر میں چھاپے مارنے شروع کر دیے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی کے علاقے کے گزری میں قومی ادارہ برائے امراض قلب کے 13 ویں چیسٹ پین یونٹ کے افتتاح کے موقع پرکیا۔ اس موقع پر قومی ادارہ برائے امراض قلب کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ندیم قمر، این آئی سی وی ڈی کے ایمرجنسی سروسز کے انچارج پروفیسر منور خورشید سمیت پیپلز پارٹی کی مقامی قیادت سمیت عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔

ان کا کہنا تھا کے این آئی سی وی ڈی کا چیسٹ پین یونٹ پروگرام دنیا میں اپنی نوعیت کا واحد پروگرام ہے جس کے ذریعے کراچی کی سڑکوں پر 6800 سے زائد لوگوں کی زندگیاں بچائی گئیں جنہیں ہارٹ اٹیک ہو رہا تھا اور وہ دل کے کسی بھی بڑے اسپتال سے کافی دور تھے۔ انہوں نے بتایا کہ ان چیسٹ پین یونٹس میں اب تک تین لاکھ افراد کا معائنہ کیا گیا اور ان لوگوں کو جنہیں دل کی تکلیف کے علاوہ کوئی اور طبی مسئلہ تھا انہیں مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا جہاں پر ان کا باقاعدہ علاج ہوا۔  انہوں نے اعلان کیا کہ اس مہینے کراچی میں دو مزید چیسٹ پین یونٹ قائم کرنے جا رہے ہیں جبکہ اگلے چند مہینوں میں میں کراچی میں مزید5  چیسٹ پین یونٹ قائم کیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں ضلع وسطی اور لیاری میں دو سیٹلائٹ سینٹر بننے کے بعد این آئی سی وی ڈی پر مریضوں کا دباؤ کافی حد تک کم ہو جائے گا جب کہ ان علاقوں کے رہائشیوں کو اپنے گھروں کے نزدیک معیاری طبی سہولیات کی فراہمی ممکن ہوسکے گی۔