کشمیری عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، حافظ نعیم الرحمٰن

جماعت اسلامی نے اعلان کیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور ان کی ہر طرح سے اخلاقی اور سفارتی مدد جاری رکھے گی۔ کراچی میں جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے صحافیوں کو ایک میڈیا بریفنگ میں کہا کہ یکم ستمبر کو کراچی کے عوام اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں کی حمایت میں شاندار مظاہرہ کریں گے اور آزادیٔ کشمیر مارچ سے دنیا کو یہ پیغام دیں گے کہ امتِ مسلمہ زندہ ہے اور ایک جسم کے مانند ہے۔ حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ وہ وزیر اعظم عمران خان کے جمعے کے روز کشمیر سے اظہارِ یکجہتی کے اعلان کی حمایت کرتے ہیں اور ہم یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ کشمیر کے مسئلے پر پوری قوم یکجان اور ہم آواز ہے۔ انہوں نے کہا کہ مغرب کے حکمرانوں کا منافقانہ چہرہ دنیا کے سامنے واضح ہورہا ہے ۔ اگر یہی مظالم کسی غیر مسلم ملک میں روا رکھے جاتے تو پورا مغرب اس کے لیے آواز اٹھاتا، مگر کشمیر کے بے بس مسلمانوں کی چیخیں کسی کو سنائی نہیں دیتیں۔ اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے ادارے دہرا معیار رکھتے ہیں۔ مشرقی تیمور اور جنوبی سوڈان کے لیے تو اقوام متحدہ فوری فیصلے کراکے انہیں آزادی دلوادیتے ہیں، تاہم کشمیر کے سلگتے ہوئے مسئلے پر ان کی خاموشی قابل مذمت ہے۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے رہنما اسامہ رضی نے صحافیوں کو یکم ستمبر کے آزادیٔ کشمیر مارچ کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ میڈیا بریفنگ میں پرنٹ الیکٹرانک میڈیا سے تعلق رکھنے والے صحافی بڑی تعداد میں شریک تھے۔ آخر میں امت مسلمہ کے استحکام، پاکستان کی سلامتی اور کشمیر کی آزادی کے لیے دعا کی گئی۔