کراچی:ایرانی ڈکیت گینگ گرفتار

اسپیشل انوسٹی گیشن یونٹ /سی آئی اے کراچی کی کارروائی، بین الاقوامی مسافروں کو لوٹنے والا تین رکنی ماہر ایرانی ڈکیت گروہ گرفتار۔ ملزمان سے اسلحہ ، کار اور لوٹا ہوا بھاری مارلیت کا مال، ملکی و غیر ملکی کرنسی و دیگر اشیاء برآمد۔

شاطر گینگ پولیس کا روپ دھار کر وارداتیں کرتا تھا۔  اعلیٰ افسران نے کراچی ایئر پورٹ سے بین الاقوامی مسافروں کو گھر جاتے ہوئے لوٹنے کی وارداتوں کا نوٹس لیتے ہوئے گینگ کی گرفتاری کے لئے خصوصی ٹاسک ایس آئی یو /سی آئی اے کو دیا جس پر ایس ایس پی  محمد نعمان صدیقی نے انسپکٹر شبیر احمد خان و دیگر پولیس پارٹی کے ہمراہ کارروائی کی۔ بروقت کارروائی میں تینوں ڈکیت  کار اور اسلحہ سمیت گرفتار کرلئے گئے جن کی نشاندہی پر لوٹا ہوا مال برآمد کرلیا گیا۔

گرفتار ڈکیت گروہ نے ایئر پورٹ سے گھر جانے والے بیرون ملک سے آنے والے متعدد مسافروں کو لوٹنے کا انکشاف کیا ہے۔ گرفتار ملزمان کے مطابق لوٹا ہوا سونا ، زیور وغیرہ ان کی خواتین حیدری مارکیٹ میں جیولرز کی دکانوں پر فروخت کرتی تھیں۔ ڈکیت گروہ تین ماہ قبل جیل سے ضمانت پر آیا اور جیل سے آتے ہی کراچی کے مختلف علاقوں تیموریہ، سرسید، گلشن اقبال، ملیر کینٹ، شارع نور جہاں و دیگر میں وارداتیں شروع کردیں۔

ڈکیت گروہ رات گئے اور علی الصبح کارروائی کرتے تھے جنہوں نے ایران فرار ہونے کی تیاری مکمل کررکھی تھی تاہم سی آئی اے کی ٹیم کے ہاتھوں گرفتار ہوگئے۔مذکورہ گروہ کے ہاتھوں میڈیا ہاؤسز کے ملازمین ،ڈاکٹرزاورغیر ملکی شہریت کے حامل افراد و دیگر نشانہ بنے۔