مدارس کے طلبہ کے اعزاز میں جی ایچ کیو میں تقریب کا انعقاد

دینی مدارس میں دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ عصری تعلیم جاری رکھنے اور میٹرک و انٹرمیڈیٹ میں ملک کے مختلف سرکاری امتحانی بورڈز میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کے اعزاز میں جی ایچ کیو راولپنڈی میں تقریب منعقد ہوئی جس میں پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ چیف آف آرمی اسٹاف نے وفاق المدارس کے 12 جبکہ رابطة المدارس کے ایک طالبعلم کی حوصلہ افزائی کی اور ان میں انعامات و شیلڈز تقسیم کیں-اس موقع پر وفاق المدارس کے ذمہ داران،متعلقہ مدارس کے منتظمین اور طلبہ و طالبات کے والدین بھی موجود تھے-آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ دینی مدارس کے طلبہ کے ساتھ گھل مل گئے اور بعض طلبہ سےسوالات بھی کیے-آرمی چیف نے اس موقع پراتحاد تنظیمات المدارس،وفاق المدارس و دیگر مدارس کے ذمہ داران کوخراج تحسین پیش کیا اور طلبہ و طالبات کو ملک و ملت کی خدمت کرنے اور مثالی معاشرے کے قیام کے لیے کردار ادا کرنے کی ترغیب دی-تقریب کے دوران مولانا محمد حنیف جالندھری کو بھی اعزازی شیلڈ دی گئ-یاد رہے کہ اس سال میٹرک کے نتائج کے مطابق ملتان بورڈ میں پانچ پوزیشنیں دینی مدارس کے طلبہ و طالبات نے حاصل کیں۔ محمد اسد نعیم جامعہ اسلامیہ جدیدہ وہاڑی،محمد جواد دارالعلوم عیدگاہ کبیروالا خانیوال،حمزہ جامعہ حنفیہ بورے والا وہاڑی،عبدالرحمن اعجاز جامعہ خیر المدارس ملتان،حافظہ قراة العین مدرسہ اقراء الصدیقہ للبنات ملتان نے ملتان بورڈ میں بالترتیب پوزیشنیں حاصل کیں۔جامعہ حنفیہ کنزالعلوم مظفر گڑھ کے محمد طلحہ نے ڈیرہ غازی خان بورڈ میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔مدرسہ ابوالقاسم صادق آباد رحیم یار خان کے محمد عمیر اور ابو ذر نے بہاولپور بورڈ میں دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔جامعہ اسلامیہ امدادیہ چنیوٹ کے محمد شاہ زیب نے فیصل آباد بورڈ میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔جامعہ عثمانیہ پشاور کے ادریس بختیار نے پشاور بورڈ میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔البدر اسلامک اسکول مدرسہ بیت العلم کراچی کی رابعہ اور طیبہ نے پہلی اور تیسری جبکہ اقراء روضة الاطفال کی عفراء نے کراچی بورڈ میں دوسری پوزیشن حاصل کی۔مولانا محمد حنیف جالندھری نےطلبہ کی حوصلہ افزائی اور تقریب میں شرکت پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔