دعا فاؤنڈیشن کے تحت فزیو تھراپی سینٹر قیام

مستحق افراد کا علاج بلا معاوضہ ہوگا۔ ڈاکٹر ہمایوں راتھر
مستحق افراد کا عزت و وقار سے علاج ہمارے سینٹر کا خاصہ ہے۔ عامر خان

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ٹی وی اور فلم کے اداکار ڈاکٹر ہمایوں راتھر نے کہا ہے کہ انسانیت کی فلاح کے لیے کام کرنا عین سعادت ہے اور یہ بات باعث فخر ہے کہ ہمارے معاشرے میں ایسے لوگ اور گروہ بڑی تعداد میں موجود ہیں جو خدمت خلق کا کام ایک مشن اور جذبے سے کرتے ہیں۔ کراچی میں سماجی تنظیم دعا فاؤنڈیشن کے تحت فیڈرل بی ایریا عائشہ منزل پر فزیو تھراپی سینٹر کے قیام کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک بھر خصوصاََ کراچی میں سماجی و فلاحی شعبہ عوام کو صحت کی سہولتوں کی فراہمی میں اہم کردار ادا کررہا ہے ۔ جسمانی معذوری، فالج اور لقوہ کی صورت یا جوڑوں اور پٹھوں کے درد میں فزیو تھراپی صحت کی بحالی میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ ہمارے ملک میں بے شمار ایسے مریض موجود ہیں جو فزیو تھراپی کے نتیجے میں عام لوگوں کی طرح نارمل زندگی گزار سکتے ہیں، مگر بد قسمتی سے شعور و آگاہی کی کمی اور مالی استطاعت نہ رکھنے کے باعث علاج سے محروم رہ کر تکلیف دہ زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ ڈاکٹر ہمایوں راتھر نے کہا کہ یہ بات خوش آئند اور قابل تحسین ہے کہ دعا فاؤنڈیشن کے اس فزیوتھراپی سینٹر میں مالی طور پر کمزور اور مستحق افراد کا علاج بلا معاوضہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بلقیس ناز فاؤنڈیشن اس سلسلے میں بھرپور تعاون کرتی رہے گی۔ تقریب سے دعا فاؤنڈیشن کے صدر عامر خان، سکریٹری ڈاکٹر فیاض عالم، آصف مرزا اور دوسرے مقررین نے کہا کہ اس فزیوتھراپی سینٹر میں جہاں خدمات کی فیس بہت معمولی رکھی گئی ہے وہیں مستحق افراد کا مفت علاج بھی مہارت، لگن اور توجہ سے کیا جارہا ہے۔ مستحق افراد کو بھی پورے عزت و وقار سے بلا معاوضہ خدمات ہمارے سینٹر کا خاصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دعا فزیوتھراپی سینٹر کا معیار کسی بھی بڑے اسپتال کے شعبہ فزیو تھراپی سے کیا جاسکتا ہے۔