بلوچستان میں تعلیم کی ترقی میں پاکستان نیوی کا اہم قدم

پاک بحریہ کے تحت گوادر میں پاکستان نیوی کے بحریہ ماڈل کالج کے نئے کیمپس کا افتتاح ہوگیا ہے۔ ۔ کمانڈر کوسٹ وائس ایڈمرل محمد فیاض جیلانی نے کالج کا افتتاح کیا۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق کالج کا یہ کیمپس جدید ترین تعلیمی سہولتوں سے مزین ہے اور کالج میں 523 طلبا اور طالبات زیر تعلیم ہیں ۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس ایڈمرل محمد فیاض جیلانی کمانڈر کوسٹ نے کہا کہ پا کستان نیوی ساحلی علاقوں کی ترقی اور ساحلی مکینوں کا معیار زندگی بلند کرنے میں ہمیشہ کوشاں رہی ہے۔ قوم و ملک کی ترقی و خوشحالی میں تعلیم کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔ کمانڈر کوسٹ پاک بحریہ نے کالج کے نئے کیمپس کی تختی کی نقاب کشائی بھی کی۔ وہ کلاس رومز میں بھی گئے اور زیر تعلیم طلبہ و طالبات سے ملاقات بھی کی۔ انہوں نے طلبہ کی صلاحیتوں کو سراہا ۔ بحریہ ماڈل سکول کا آغاز کچھ سال قبل7اساتذہ اور 35 بچوں کے ساتھ کیا گیا اور آج یہ خیر کی یہ کوشش ایک پرشکوہ عمارت اور ادارے میں تبدیل ہو گئی ہے۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق افتتاحی تقریب میں مسلح افواج کے افسران اور مقامی عمائدین نے شرکت کی۔