بھارتی فوج کی بربریت ایک اور ویڈیو منظر عام پر آگئی

مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی افواج کی جانب سے نہتے کشمیریوں کے ساتھ انسانیت سوز سلوک کیا جا رہا ہے ۔ بھارتی افواج جہاں بے گناہ کشمیریوں کو ظلم و تشدد کا نشانہ بنا رہی ہے وہیں انہیں انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کر کے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی بھی کی جارہی ہے۔ ہندوستانی فوج کی ظلم و بربریت پر مبنی ایک اور ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بھارتی فوجی نہتے کشمیری موٹر سائیکل سوار نوجوان کو تشدد کا نشانہ بنا رہے ہیں اور پھر اسے پتھراؤ سے بچنے کے لیے انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔ اپریل 2016 میں بھی اسی قسم کا ایک واقعہ پیش آیا تھا جب بھارتی فوج کے ایک میجر نے کشمیری نوجوان کو جیپ کے بونٹ پر باندھ کر اسے انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کیا تھا اور پورے علاقے کا گشت کروایا تھا۔ مقبوضہ کشمیر میں انسانیت کی یہ توہین آئے روز کا معمول ہے بھارتی فوج کے نزدیک انسانی ڈھال بنانا بھلے غیرقانونی نہ ہو لیکن عالمی قوانین میں یہ جنگی جرائم میں شامل ہے لیکن بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیمیں کشمیریوں کے ساتھ جاری اس ناروا سلوک پر خاموش نظر آتی ہیں۔