سال2020سائنس اور ٹیکنالوجی کے انقلابات کا سال

رپورٹ:قمر الرحمٰن

دنیاکے ہر شعبے میں بدلتے دن کے ساتھ تیزی سے جدت آرہی ہے اور اس کے پیچھے سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں ہونے والی نئی ایجادات کار فرما ہیں۔ماہرین کے مطابق ہم  اس وقت چوتھے صنعتی انقلاب کے دور میں ہیں جس میں ٹیکنالوجی پہلے سے کئی گنا ایڈوانس ہوچکی ہے۔ ایسے میں صرف وہی لوگ اس دوڑ میں شامل رہ پائیں گے جو اس تیزی سے رونما ہونے والی ترقی کے ہم رکاب ہوں گے۔ سال2020 میں 7 ٹیکنالوجیز میں غیر معمولی ترقی کی امید کی جارہی ہے۔ آرٹیفیشل انٹیلی جنس (AI) یعنی آرٹیفیشل انٹیلی جنس … جسے ہم مصنوعی ذہانت بھی کہہ سکتے ہیں۔  یہ ٹیکنالوجی موجودہ دورمیں سب سے زیادہ تغیر کا باعث بنتی جارہی ہے۔ اس ٹیکنالوجی کی بدولت اب مشینیں صرف مشینیں نہیں رہیں گی۔ ہر ابھرتی کمپنی  اپنے صارفین کو بہتر سہولت فراہم کرنے کے لئے اس ٹیکنالوجی کے استعمال کی خواہشمند ہے۔کثیر لاگتی اس ٹیکنالوجی سے فی الحال Amazon` Google` اور Microsoftجیسی بڑی کمپنیاں استفادہ کررہی ہیں۔ مگر اس بات کے بھی قوی امکانات ہے کہ 2020 کے اواخر تک کئی کمپنیاں اس ٹیکنالوجی کی بدولت اپنے صارفین کو سہولت فراہم کرنے کے قابل ہوں گی۔

فائیوجی ڈیٹا نیٹ ورکس

موبائل انٹرنیٹ میں جدید ٹیکنالوجی  ففتھ جنریشن کی بدولت ہمیں پہلے کے مقابلے کئی گنا تیز اسپیڈ سے ڈاؤن لوڈنگ، سرفنگ اور اپ لوڈنگ کی سہولت میسر آئی ہے۔ اگرچہ اس ٹیکنالوجی کا آغاز 2019 میں ہوا مگر یہ ٹیکنالوجی مہنگی اور صرف چند بڑے شہروں تک محدود تھی جبکہ 2020 میں اس سے استفادہ کرنے والوں کی تعداد میں کئی گنا اضافہ ہوگا اور عام لوگ بھی اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ اس ٹیکنالوجی کی بدولت جہاں عام ضرورت کے انٹرنیٹ استعمال کرنے والے صارفین کو فائدہ ہوگا وہیں یہ سہولت کمپنیوں کو پہلے سے کہیں زیادہ ڈیٹا اکٹھا کرنے اور منتقل کرنے کے قابل بنائے گی ، جس کے نتیجے میں انٹرنیٹ آف چیز (IOT) اور سمارٹ مشینری کے شعبے میں ترقی ہوگی۔

 خود کار ڈرائیونگ

فی الحال یہ کہنا تو ممکن نہیں کہ اس شعبہ میں درجہ ترقی ہوچکی ہے کہ روز مرہ یا معمول کی ضروریات کے لئے ہم خود کار گاڑیاں استعمال کرسکیں گے تاہم اس حوالے سے 2020 میں اہم پیش رفت متوقع ہے۔

ٹیسلا کے چیف ایلن مسک کا کہنا ہے کہ سال کے آخر تک ہم مکمل خود کار گاڑی تیار کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔  اور گاڑیوں کو لیزر ٹیکنالوجی کی مدد سے اس قابل بنایا جارہا ہے جس سے وہ خود کار طریقے سے بریک لگانے، لائن تبدیل کرنےا ور ڈیٹا کیپچرنگ سمیت دیگر سہولیات سے مزین ہوں گی۔

گوگل کی سسٹر کمپنی Waymo نے اپنی خود کار ٹیکسیوں کے تجربہ میں 6200 مسافروں کو ان کی منزل پر کامیابی سے پہنچایا ۔ یہ ٹیکنالوجی محض گاڑیوں تک محدود نہیں بلکہ جہاز رانی سمیت دیگر سفری سہولیات میں اس سے مدد لی جارہی ہے  جس میں 2020 کے دوران مزید ترقی کی امید کی جارہی ہے۔

صحت کے شعبہ میں جدت

جہاں دیگر شعبوں میں ٹیکنالوجی کا استعمال ہورہا ہے وہیں انسانی صحت اور دیکھ بھال کے حوالے سے بھی جدید ٹیکنالوجی سے مدد لی جارہی ہے  جس کی بدولت اب نہ صرف مریضوں کی تشخیص آسان ہوگی بلکہ مریض کے علاج میں بھی یہ ٹیکنالوجی معالج کی مددگار ہوگی۔اگرچہ یہ ٹیکنالوجی بھی پہلے سے متعارف ہے مگر 2020میں اس میں مزید جدت پیدا ہوگی  مختلف ایپلیکیشنز کی مدد سے مرض کی تشخیص اور علاج زیادہ  بہتر اورآسان ہوگا۔

کمپیوٹر ویژن

کمپیوٹر کی اصطلاحات میں ، “ویژن”سے مراد کسی مقام، چیز یا شخص کو دیکھنے کی قابلیت ہے۔ یہ وہی ٹیکنالوجی ہے جس کی مدد سے آپ اپنے اسمارٹ فون  کی اسکرین پر دیکھنے کی صلاحیت حاصل کرپاتے ہیں۔گو گل امیج سرچ اس ٹیکنالوجی میں مزید جدت پیدا کرچکا ہے۔

2020میں کمپیوٹر ویژن سے لیس آلات کی بھرمار ہوگی اور اس میں مزید جدت پیدا ہوگی۔ خود کار گاڑیاں دیکھنے اور اپنے آس پاس کے خطرات کو محسوس کرنے  اور لائن میں چلنے کی صلاحیت اس کی مثال ہے۔ اسی ٹیکنالوجی کی بدولت مشینیں خود کار طریقے سے غیر مطلوبہ  اور مطلوبہ اشیاء میں تمیز کرپاتی ہیں۔ آپ کے گھر اورکاروبار کی چوبیس گھنٹےنگرانی میں بھی یہی ٹیکنالوجی معاون و مدد گار ہے۔

کمپیوٹر وژن ٹیکنالوجی سےچہروں کی شناخت میں بھی مدد لی جارہی ہے جس کے بارے میں 2020 میں مزید ترقی ہوگی۔ ہم پہلے ہی دیکھ چکے ہیں کہ ایپل کے فیس آئی ڈی کے معاملے میں ہمارے اسمارٹ فونز تک رسائی اور کنٹرول میں یہ ٹیکنالوجی کتنی مفید ہے۔

ایکسٹینڈڈ ریئلٹی

 (XR) ایکسٹینڈڈ ریئلٹی ایک ایسی اصطلاح ہے جس میں متعدد نئی اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز  کا احاطہ کیا گیا ہے ،جنہیں مزید ڈیجیٹل تجربات اورایجادات میں استعمال کیا جا رہا ہے۔

ورچوئل رئیلٹی (VR)کی بدولت  ایک مکمل ڈیجیٹل تجربہ حاصل ہوتا ہےجہاں آپ کمپیوٹر سے تیار کردہ ایک نئی دنیا میں داخل ہوتے ہیں ۔

 (AR)ٹیکنالوجی اسمارٹ فون کے ذریعہ ڈیجیٹل اشیاء کو حقیقی دنیا پر چھاپتی ہے۔جیسے اسنیپ چیٹ و دیگر اپیلیکیشنر کے فلٹرز

(MR)ٹیکنالوجی اے آر کی توسیع ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ صارفین حقیقی دنیا میں رکھی ڈیجیٹل اشیاء کے ساتھ بات چیت کرسکتے ہیں۔

جیسےہولوگرافک پیانو وغیرہ بجانا

اب تک ان تمام ٹیکنالوجیز کو محض تفریح کے لئے استعمال کیا جارہا تھا تاہم 2020 میں بڑے پیمانے پر کاروبار میں وسعت اور صارفین کی دلچسپی کے لئے  XR کی جملہ اقسام کو استعمال کیا جائے گا۔

بلاک چین ٹیکنالوجی

بلاک چین بنیادی طور پر ایک ڈیجیٹل لیجر ہے جو لین دین کو ریکارڈ کرنے کے لئے استعمال ہوتا ہے جوانتہائی محفوظ تصور کیا جارہا تھا۔ 2019 کے دوران مبصرین نے یہ بحث شروع کر دی کہ یہ ٹیکنالوجی شاید اتنی مفید نہیں جتنی تصور کی جارہی تھی۔ تاہم رواں سال فیڈ ایکس ، آئی بی ایم،  والمارٹ اور ماسٹر کارڈ کی سرمایہ کاری سے حقیقت ظاہر ہونا شروع ہوجائے گی۔

اور یہ امیدبھی کی جارہی ہے کہ 2020 میں فیس بک اپنے بلاک چین پر مبنی کرپٹو کرنسی کا اجرا کرے گی جس سے سرمایہ کاری کے میدان میں ایک ہلچل برپا ہوگی۔