جناح اسپتال میں کلر الٹراساؤنڈ یونٹ کا افتتاح

جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹرریڈیالوجی ڈپارٹمنٹ میں  ترکش کوآپریٹیو اینڈ کوآرڈینیشن ایجنسی اور پیشنٹس ایڈفاؤنڈیشن کے اشتراک سےبلا معاوضہ کلر الٹراساؤنڈ کی سہولت فراہم کرنے کے لئے یونٹ کا آغاز  کردیا گیاہے ۔

ترکش وزیر برائے ثقافت و سیاحت کامل کولابس ،ٹیکا کراچی کے کوآرڈینیٹر ابراہیم کاٹرسی ،جے پی ایم سی کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی اور پیشنٹس ایڈ فاؤنڈیشن کے چیئرپرسن مشتاق چھاپرا  نے فیتہ کاٹ کر یونٹ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر زاہد بشیر و دیگر موجود تھے۔

 ترکش وزیر برائے ثقافت و سیاحت کا کہنا تھا کہ یہ کراچی کے شہریوں کے لئے ترکش عوام کی جانب سے تحفہ ہے  جس کی بدولت 150سے 200 مریضوں کا روزنامہ معائنہ کیا جاسکتا ہے اور امید ہے کہ اس یونٹ کے قیام سے  بڑے پیمانے پر لوگوں کو معالجے کی مفت سہولت فراہم ہوگی۔

اس موقع پر ابراہیم کاٹرسی کا کہنا تھا کہ یونٹ کے افتتاح سے غریب عوا م کو بہترین طبی سہولیات مفت فراہم ہوسکیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹیکاسندھ اور بلوچستان کے غریب عوام کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے مختلف شعبوں میں سرگرم عمل ہے  جس میں صحت، تعلیم، پانی کی فراہمی سمیت دیگر عوامی بہبود کے منصوبے شامل ہیں۔

حال ہی میں ٹیکا کے زیر تعاون مٹھی میں ایک لیبارٹری اور تھرپارکر میں 9اسکول شمسی توانائی کی سہولت کے ساتھ تیار کئےگئے ہیں ۔  اور 2020 تک  ٹیکا پیڈیاٹرک ڈیپارٹمنٹ کی تزئین کا ارادہ بھی رکھتی ہے۔