گھر میں برکت پیدا کرنے والے کام

229

1: پاکیزہ گفتگو:
کسی گھر میں برکت ڈالنے والے اسباب میں سے ایک اہم سبب گھر والوں کا آپس میں پاکیزہ گفتگو، مثبت الفاظ کا تبادلہ نیز اخلاقی اور نفسیاتی تعاون کرنا ہے۔

2: شفقت اور آسانی:
شفقت اور نرمی کسی بھی چیز کو خوب صورت بنادیتی ہے… پس معاملات میں نرمی برتنا برکت، اطمینان و سکون کو دعوت دیتا ہے۔ نہ صرف دوسرے بلکہ سب سے پہلے اپنی ذات ان چیزوں سے بہرہ ور ہوتی ہے۔

3 : خواتین کے ساتھ نرمی سے پیش آنا:
گھر کی خواتین کے ساتھ نرمی سے پیش آنا بھی رزق، برکت اور زندگی میں نیکی کے کاموں کی توفیق ملنے والے اسباب میں سے ایک اہم سبب ہے۔ اس لیے کہ عورت ہی ہر گھر کے نظام کو چلانے کا ایک بنیادی ستون ہے جس پر اس گھر کا نظام کھڑا ہے۔ لہٰذا اس کے ساتھ نرم رویہ اور اس کے جذبات کی رعایت رکھنا سعادت اور خیر حاصل کرنے کا ذریعہ ہے۔

4: باہمی احترام:
گھر والوں کا ایک دوسرے سے احترام سے پیش آنا گھر کی فضا کو خوش گوار بناتا ہے، جب کہ گالم گلوچ اور برے الفاظ باہمی الفت و محبت کو تہہ تیغ کردیتے ہیں۔

5: اللہ کا ذکر:
اللہ کا ذکر اور نماز گھر کو اور گھر میں رہنے والوں کو بابرکت بنادینے والی چیزیں ہیں۔

6 : شرکت اور میل جول:
گھر والوں کی کسی بھی کام میں باہمی شرکت جیسے اکٹھے کھانا، تقریبات، گھریلو نظام کی مسلسل بہتری والے امور میں حصہ لینا بھی خیر و برکت سمیٹنے کا باعث ہے۔ مقولہ مشہور ہے کہ ’’جس گھر کے افراد ایک دسترخوان پر کھانا کھاتے ہوں وہ ہمیشہ جڑے رہتے ہیں۔‘‘

7: حمد و شکر:
اپنی زبان کو اللہ کی حمد و ثنا اور شکر کا عادی بنانا، کہ اس کی نعمتیں بے حساب ہیں۔

8: تلاوتِ قرآن کریم:
روزانہ کے حساب سے گھروں میں قرآن کریم کی تلاوت کو معمول بنانا چاہیے۔

9: کثرتِ استغفار:
استغفار کی کثرت اور اس پر دوام، نیز صغیرہ اور کبیرہ گناہوں سے اجتناب بھی رزق میں برکت کا باعث بنتا ہے۔
10: والدین کی فرماں برداری اور صلۂ رحمی:
یہ دو ایسی صفات ہیں کہ جس شخص میں پائی جائیں اس سے اللہ جل شانہٗ راضی ہوتے ہیں۔
11: حلال رزق کا حصول :
حرام سے مکمل اجتناب کرنا، اس لیے کہ برکت حلال اور پاکیزہ مال میں چھپی ہوئی ہے۔
اللہ ہمیں ان پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائیں،آمین۔

حصہ