الخدمت سندھ کی امدادی سرگرمیاں

72

الخدمت فاؤنڈیشن گزشتہ تین دہائیوں سے نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھرمیں آنے والی قدرتی آفات اور جنگ سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کے ذریعے خدمت انسانیت میں مصروف ہے، یہی وجہ ہے کہ دنیا بھر میں الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کی پہچان بن چکی ہے۔ گزشتہ برس 2023 میں ترکی میں آنے والے زلزلے سے جہاں ہزاروں افراد جاں بحق ہوئے وہیں سینکڑوں گھر اور عمارتیں بھی تباہ ہوئیں۔ الخدمت فاؤنڈیشن نے فوری طور پر اپنے رضاکاروں اور برادر فلاحی تنظیموں کے ساتھ مل کر ترکی کے زلزلہ متاثرین کی بھرپور امداد کی۔ افغانستان جو کہ گزشتہ برس تک جنگ زدہ علاقوں میں شامل تھا۔ افغانستان کے متاثرین کے لیے امدادی سرگرمیوں کا تسلسل جاری رکھا۔ اسی طرح گزشتہ پانچ ماہ سے اسرائیل کی جانب سے فلسطین کے مختلف شہروں خصوصاً غزہ پر شدید بم باری کی جا رہی ہے جس کے نتیجے میں اب تک ہزاروں فلسطینیوں کی شہادتیں ہوچکی ہیں جن میں بڑی تعداد معصوم بچوں کی ہے۔ الخدمت فاؤنڈیشن روزِ اوّل سے غزہ میں امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ غزہ متاثرین کے لیے تیارکھانا، ادویہ، کمبل، خیمے اور دیگر ضروری اشیا پر مشتمل کنٹینرز غزہ روانہ کیے جا رہے ہیں۔ الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے مخیرحضرات کے تعاون سے اب تک سینکڑوں ٹن اشیائیِ خورونوش غزہ بھجوائی جاچکی ہے اور الحمدللہ یہ عمل مستقل بنیادوں پرجاری ہے۔

اگر پاکستان کی بات کی جائے تو الخدمت اس وقت سات شعبہ جات میں کام کررہی ہے جن میں کفالت یتامیٰ، تعلیم، صحت، صاف پانی، سماجی خدمات، مواخات اور قدرتی آفات شامل ہیں۔

اللہ رب العالمین نے سورۃ البقرہ میں ارشادفرمایا ’’لوگ آپؐ سے پوچھتے ہیں کہ اللہ کی راہ میںکیا خرچ کریں۔ فرما دیجیے کہ جس قدر بھی مال خرچ کرو درست ہے، مگر اس کے حق دار تمہارے ماں باپ ہیں اور قریبی رشتے دار ہیں اور یتیم ہیں اور محتاج ہیں اور مسافر ہیں اور جو نیکی بھی تم کرتے ہو، بے شک اللہ اسے خوب جاننے والا ہے۔‘‘ ( سورۃ البقرہ آیت 215)

کفالت یتامیٰ پروگرام/آغوش ہومز:
ایک شخص نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے اپنے دل کی سختی کی شکایت کی تو رسول اللہؐ نے فرمایا ’’اگر تم چاہتے ہو کہ تمہارا دل نرم ہوجائے تو تم یتیم کے سر پر ہاتھ رکھو اور اسے کھلایا کرو!‘‘ (السنن الکبریٰ للبیہقی:7095)

ایک رپوٹ کے مطابق پاکستان میں 45 لاکھ سے زائد بچے والد کے سائے سے محروم ہیں۔ باپ کی شفقت سے محروم یہ بچے خصوصی توجہ کے مستحق ہیں۔ الخدمت کے شعبہ آرفن کیئرپروگرام میں اس وقت سندھ بھرکے ساڑھے تین ہزار جب کہ ملک بھرمیں 30 ہزار سے زائد یتیم بچے رجسٹرڈ ہیں جن کی نہ صرف بہتر تعلیم و تربیت کی جا رہی ہے بلکہ ان کے اخراجات اور طبی سہولیات کی فراہمی کا عمل بھی سال بھر جاری رہتا ہے۔ الخدمت فاؤنڈیشن نے بچوں کی صلاحیتوں کونکھارنے کے لیے ملک بھر میں ’’آغوش ہومز‘‘ کے نام سے اقامتی ادارے بھی قائم کر رکھے ہیں۔ اس وقت سندھ میں 3جب کہ ملک بھرمیں 22 آغوش ہومز بھرپور انداز سے کام کررہے ہیں جہاں دو ہزار سے زائد بچوں کو تعلیم کے ساتھ ساتھ بہترین رہائش اور معیاری خوراک بھی فراہم کی جاتی ہیں جب کہ ذہنی و جسمانی نشوونما کے لیے ہم نصابی سرگرمیوں کا بھی باقاعدہ اہتمام کیا جاتا ہے۔ الخدمت سندھ نے 2023ء میں شعبہ آرفن کیئرپروگرام پر26کروڑ روپے خرچ کیے۔

شعبہ تعلیم:
الخدمت فاؤنڈیشن کی نظر میں تعلیم کی اہمیت کا اندازہ آپ اس سے لگا سکتے ہیں کہ اس وقت تھرپارکر کے دور دراز علاقوں میں الخدمت کے 23 چونرا اسکول بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے میں مصروف ہیں۔ جب کہ6 چائلڈ پروٹیکشن سینٹرز اور ایک ہاسٹل میں نادار بچوں کی تعلیم و تربیت کا عمل جاری ہے۔ اسٹریٹ چلڈرنز کو علم کی جانب راغب کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر اسٹیشنریز، اسکول بیگز اور تحائف بھی تقسیم کیے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ مستحق باصلاحیت طلبا و طالبات جو معاشی مشکلات کے باعث تعلیم جاری نہیں رکھ سکتے، انہیں تعلیمی وظائف مہیا کیے جاتے ہیں۔ الخدمت نے گزشتہ برس شعبہ تعلیم پر 2 کروڑ دس لاکھ روپے کے اخراجات کیے۔

شعبہ صحت:
الخدمت فاؤنڈیشن نہ صرف آزمائش کی گھڑی میں متاثرین کی امدادکرتی ہے بلکہ ضرورت مندوں کو زندگی کی بنیادی ضروریات کی فراہمی کے لیے پورا سال کوشاں رہتی ہے۔ الخدمت کا شعبہ صحت سندھ بھرمیں ایک وسیع نیٹ ورک رکھتا ہے۔ اس وقت سندھ کے مختلف شہروں میں 4 بڑے اسپتال، 5 میڈیکل سینٹر ز، 17لیبارٹریز اور کلیکشن سینٹرز،5 موبائل ہیلتھ یونٹ اور 25 ایمبولینسز خدمات پیش کررہی ہیں۔ تجربہ کارڈاکٹروں، پیرا میڈیکل اسٹاف اور جدید سہولیات سے آراستہ الخدمت کے موبائل ہیلتھ یونٹس سندھ کے دور دراز علاقوں میں پہنچ کر ضرورت مند مریضوں کو نہ صرف مفت ادویہ فراہم کرتے ہیں بلکہ مریضوں کے مختلف ٹیسٹ اور الٹراساؤنڈ بھی کیے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ الخدمت فاؤنڈیشن نے’’محفوظ ماں، محفوظ خاندان‘‘ کے نام سے ایک مربوط پروگرام شروع کررکھا ہے جس کے تحت اب تک ہزاروں ماؤں اور بچوں کی زندگیاں بچائی جا چکی ہیں۔ گزشتہ برس الخدمت نے شعبہ صحت پر31 کروڑ 20 لاکھ روپے خرچ کیے جس سے 13 لاکھ سے زائد مریض مستفید ہوئے۔

واش پروگرام:
ضرورت مندوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی الخدمت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ یہی وجہ ہے کہ 2023ء میں الخدمت کی جانب سے صحرائے تھرسمیت سندھ کے دور دراز علاقوں میں بڑے پیمانے پر صاف پانی کے منصوبے مکمل کیے گئے۔ الخدمت کی جانب سے 575 اسمال ہینڈپمپ، 513 کمیونٹی ہینڈ پمپ، 112 الیکٹریکل سبمرسبل پمپ اور 49 سولر سبمرسبل پمپ نصب کروائے گئے جبکہ 16 واٹرفلٹریشن پلانٹس کی تنصیب بھی پایۂ تکمیل کو پہنچی۔ الخدمت سندھ نے اس شعبہ پر3 کروڑ 20 لاکھ روپے خرچ کیے جس سے الحمدللہ ڈھائی لاکھ سے زائد ضرورت مندوں کو روزانہ کی بنیاد پرصاف پانی میسرآرہا ہے۔

شعبہ سماجی خدمات:
الخدمت فاؤنڈیشن کا شعبہ سماجی خدمات انتہائی اہمیت کا حامل ہے، یہ شعبہ لاکھوں غریب اور بے سہارا افراد کے لیے امید کی کرن ہے۔ رمضان المبارک میں راشن کی تقسیم ہو یا عیدالفطر، دیوالی اور کرسمس کی تقریبات‘ الخدمت فاؤنڈیشن مذہب کی تفریق سے بالا تر ہو کر ضرورت مندوں کوخوشیاں فراہم کرتی ہے۔ عیدالاضحی پر بڑے پیمانے پرقربانی کا گوشت تقسم کیا جاتا ہے‘ موسم سرما میںکمبل، رضائیاں، تکیے اور گرم کپڑوں پر مشتمل ونٹر پیکج تقسیم کیے جاتے ہیں۔ اسی طرح شعبہ سماجی خدمات کے تحت مستحق اور ضرورت مند بچیوں کو شادی باکس فراہم کیا جاتا ہے جب کہ معذوروں کو زندگی کی دوڑ میں شامل کرنے کے لیے وہیل چیئرز فراہم کی جاتی ہیں۔ اس کے علاوہ الخدمت جیلوں قید یوں کو طبی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ تھا ان کی فلاح و بہبوداور تعلیم و تربیت کا خاص اہتمام کرتی ہے اور یہ عمل پوراسال جاری رہتا ہے۔ 2023 میں الخدمت نے اس شعبہ میں 25 کروڑ 57 لاکھ روپے خرچ کیے جس سے دو لاکھ سے زائد ضرورت مند مستفید ہوئے۔

مواخات پروگرام:
ملک کی موجودہ مخدوش معاشی صورت حال ہمارے سامنے ہے، مہنگائی اور بے روزگاری کی شرح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے‘ وسائل سے محروم نادار اور مستحق افراد کو تنگ دستی کے دلدل سے نکالنے کے لیے الخدمت نے ’’مواخات‘‘ کا شعبہ قائم کیا۔ الخدمت کے رضا کار مربوط اور مؤثر نظام کے تحت مستحقین کو رجسٹرڈکرتے ہیں اور پھر ضرورت مندوں کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنے کے لیے بلا سود قرضے فراہم کیے جاتے ہیں۔ الخدمت کے شعبہ سماجی خدمات کی جانب سے گزشتہ برس ایک کروڑ پچاس لاکھ روپے بلاسودی قرضے دیے گئے جس سے 422 مستحقین مستفید ہوئے۔

شعبہ قدرتی آفات:
یقیناً آپ کو یاد ہوگا 2022 میں ہونے والی طوفانی بارشوں اورسیلاب کے باعث نہ صرف سینکڑوں قیتی جانیں ضائع ہوئیں بلکہ صرف صوبہ سندھ میں 12 ملین سے زائد افراد متاثر ہوئے۔ لاکھوں سیلاب متاثرین اپنے گھر، فصلوں اور مال مویشی سے محروم ہوگئے۔ مشکل کی اس گھڑی میں خدمت کے جذبے سے سرشار الخدمت کے رضا کار متاثرین کی دادرسی کے لیے دن رات کوشاں رہے اور بڑے پیمانے پر سیلاب متاثرین کی مدد کی گئی۔ الخدمت نے دو برس گزر جانے کے باوجود سیلاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑا بلکہ ان کے تباہ ہو جانے والے گھروں کی مرمت کا کام تاحال جاری ہے۔ الخدمت نے ’’تعمیر وطن پروگرام‘‘ کے تحت 57 کروڑ روپے کی رقم سیلاب تک ڈھائی ہزار سے زائد سیلاب متاثرہ گھروں، مساجد، اسکولوں اور مدارس کی تعمیرومرمت کا کام کیا گیا۔

رمضان المبارک ہمارے لیے ایک نادر موقع ہے کہ ہم بھرپور انداز میں راہِ خدا میں اپنا مال خرچ کریں، یقینا ضرورت مندوں کی داد رسی اور یتیموں کو خوشیاں فراہم کرکے ہم اپنے رب کی رضا حاصل کرسکتے ہیں۔ مجموعی طور پر الخدمت فاؤنڈیشن سندھ کی جانب سے گزشتہ برس ایک ارب چالیس کروڑ روپے کے اخراجات کیے گئے جس سے 18 لاکھ سے زائد افراد مستفید ہوئے۔ اللہ تعالیٰ ہماری کاوشوں کو قبول فرمائے اور تعاون کرنے والوں کے لیے توشہ آخرت بنائے۔آمین

حصہ