رمضان سے پہلے

101

فریحہ کی قریبی رشتے دار جو اس کے گھر کے پاس ہی رہائش پذیر تھیں، کچھ دن سے فریحہ اُن سے کسی بات پر ناراض تھی، لیکن جیسے جیسے رمضان قریب آرہا تھا، اُس کے دل میں احساس ہورہا تھا، سو وہ اپنی عزیز کے گھر سالن بناکر لے گئی اور دونوں نے ایک دوسرے سے گلے شکوے دور کیے۔ فریحہ نے کہا کہ رمضان کا مبارک مہینہ شروع ہونے ہی والا ہے، اب ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اس میں داخل ہونے کے لیے اپنے گھروں کی صفائی کے ساتھ ہی اپنے دل کی صفائی بھی کرلیں، سو میں تمہارے گھر آگئی۔

دونوں کھلے دل کے ساتھ گلے ملیں۔

قرآن بھی ہم سے یہی کہتا ہے کہ ہمارے وہ رشتے جو رحم کے ہیں اُن سے اپنے معاملات کا جائزہ لیں، یا اگر محلے داروں سے اگر کوئی ناراضی ہو تو صلح کریں اور اپنے دل صاف کریں۔ اس کے علاوہ اپنے لیے کچھ اہداف طے کرنا بھی ضروری ہے کہ قرآن کی کتنی اور کون سی سورتیں حفظ کرنی ہیں، اور جو پہلے سے یاد ہیں انہیں دہرانا ہے۔ گھر کے کچھ کام پہلے سے کرکے رکھیں تاکہ ان قیمتی اوقات سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھا سکیں۔ رمضان کے آنے سے پہلے وہ تمام باتیں چھوڑ دیں جو ہماری نیکیوں کو ضائع کرنے والی ہوں جیسے کہ غیبت، جھوٹ، طعنہ زنی جو ہمارے روزے کو ضائع کردیتے ہیں۔ اس کے علاوہ بہت زیادہ کھانے سے بھی پرہیز کریں۔ رمضان سے پہلے خریداری اگر آسانی سے کر سکتے ہوں تو ضرور کر لیں۔ رمضان میں سونے اور جاگنے کی پلاننگ بھی کر لیں، ایسا نہ ہو کہ بابرکت مہینے میں ہمارا زیادہ وقت سونے میں ہی نکل جائے، پھر انٹرنیٹ کا وقت بھی مختصر کرلیں، ایسا نہ ہو کہ سوشل میڈیا کی وجہ سے ہمارا بہت وقت ضائع ہوجائے۔ ہم روزہ رکھ کر اپنے غصے کو کنٹرول کریں۔ یہ ہمدردی کا مہینہ ہے۔ہر ایک سے محبت و اخلاق سے پیش آئیں۔ صدقہ و زکوٰۃ دینے کی پلاننگ بھی پہلے سے کر لیں۔ ملاقاتوں کا وقت اور عزیز واقارب کے گھر جانے کی بھی پلاننگ کر لیں کہ رمضان المبارک تمام مہینوں کا سردار ہے تو اس مہینے کی پلاننگ بھی پہلے سے ہونی چاہیے۔ پھر قرآن کو سمجھنے کے لیے کوئی پلاننگ کرلیں جیسے کہ اب ہر جگہ دورہ قرآن کی سہولت موجود ہے۔ یہ قرآن کا مہینہ ہے، قرآن سے جڑ جائیں۔ طاق راتوں میں یکسو ہوکر عبادت کریں، تراویح پڑھیں اس بات کو غنیمت جانتے ہوئے کہ یہ رمضان مجھے میسر آیا ہے، یہ اللہ کا فضل وکرم ہے۔ پھر اِن شاء اللہ عبادتوں میں کوتاہی بھی نہیں ہوگی۔ ہماری کوشش سے ہمارا روزہ باعث ِاجر و ثواب بھی ہوگا، اور باعثِ حصول تقویٰ بھی۔

حصہ