ڈاکٹر قاضی تنویر عزیر کی یاد میں کراچی میں مفت نیورولوجی سینٹر کا قیام

2075

ڈاکٹرانوارالحق صاحب ڈاکٹر قاضی تنویر عزیز مرحوم کے کلاس فیلو تھے۔ ڈاکٹر انوار نے 1984ء میں ڈائو میڈیکل کالج کراچی سے ایم بی بی ایس کیا۔ ہائوس جاب کے بعد اعلیٰ تعلیم کے لیے انگلینڈ چلے گئے وہاں سے MRCP کرنے کے بعد پاکستان واپس آئے اور کئی سال اسسٹنٹ پروفیسر نیورولوجی کے طور پر سول اسپتال کراچی میں کام کیا بعدازاں امریکہ چلے گئے اور امریکن بورڈ برائے نیورو لوجی و سائیکاسٹری مکمل کیا۔ اس کے بعد مرگی‘ دماغ کی شریانوں‘ مسلز وغیرہ میں مہارت حاصل کی۔ نیورولوجسٹ کے طور پر ٹیکساس میں بیلر یونیورسٹی میڈیکل سینٹر سے وابستہ ہیں۔

ڈائو میڈیکل کالج کی منتخب یونین کے صدر قاضی تنویر عزیر خدمت خلق کرنے والے نوجوان طالب علم رہنما تھا۔ وہ ڈائو میڈیکل کالج میں 1982ء میں یونین کے صدر کا الیکشن جیتے۔ انہوں نے طلبہ و طالبات کی فلاح و بہبود کے لیے بے شمار کام کیے۔ انہوںنے ڈائو میڈیکل کالج میں پڑھنے والے غریب اسٹوڈنٹس کے لیے Lending Library کا قیام کیا۔ اس لائبریری سے کتابیں سال کے لیے مل جاتی تھیں۔ میڈیکل کے شعبے کو دور جدید سے ہم آہنگ کرنے کے لیے آڈیو‘ وڈیو سیکشن‘ پلاسٹک ماڈل میوزیم قائم کیا۔ طلبا کو خدمت خلق میں عملی شامل کرنے کے لیے بلڈ بینک میں عطیہ خون کے ذریعے شریک ہونے کی ترغیب دی خود بھی سال میں دو بار خون دیتے اور یونین کے پلیٹ فارم سے مہم کی شکل میں سول اسپتال کی غریب مریضوں کے لیے خون جمع کرنے میں تعاون کرتے۔

قاضی بھائی بہترین اخلاق کے فرد تھے‘ سب سے مسکرا کر ملتے‘ مستقبل کے ڈاکٹروں کے مسائل سنتے اور خوش دلی سے حل کروانا اور مسلسل کالج کے اسٹوڈنٹس کے فائدے کے لیے کام کرنا ان کی خصوصیات تھیں۔ آبا و اجداد کا تعلق حضرت بہاء الدین ذکریاؒ کے خاندان سے تھا۔ انہوں نے مستقبل کے ڈاکٹروں کے لیے حکومتی عہدیداروں سے بھی ان کے مسائل حل کروانے پر توجہ دی۔

سول اسپتال کراچی میں ہائوس جاب کے بعد اعلیٰ تعلیم کے لیے امریکہ چلے گئے۔ نیویارک میڈیکل کالج کے اسپتال میں بچوں کے شعبے میں کام کیا‘ مہارت حاصل کی۔ اسی دوران انہوں نے نیویارک سے پبلک ہیلتھ اور ہیلتھ ایڈمنسٹریٹریشن میں ماسٹر کی ڈگری حاصل کی۔ اسی دوران انہیں دماغ کا کینسر ہوگیا اور 1989ء میں ان کا انتقال ہوا۔ نیویارک میڈیکل کالج نے سالانہ ’’قاضی عزیر ایواراڈ‘‘ بہترین ماہر بچہ کو دینا شروع کیا۔ اس کے ساتھ ہی قاضی عزیر کی ایک تصویر بھی کالج ہال میں آویزاں ہے جس کے نیچے یہ عبارت لکھی ہے:Dedication and Commitment in the Care of Childern

ڈاکٹر قاضی کی بچوں کے لیے پُرخلوص محنت اورجدوجہد کو خراج تحسین۔

ہم نے ڈاکٹر قاضی تنویرمفت نیورو لوجی سینٹر کے مرکزی ذمہ دار ڈاکٹر انوارالحق سے گفتگو کی جو کہ جسارت کے قارئین کے لیے پیش خدمت ہے:

سوال: ڈاکٹر صاحب! اس نیورو لوجی سینٹر کا کیا پس منظر ہے؟

ڈاکٹر انوارالحق: میرے ساتھ خدمت خلق کے جذبے سے سرشار ظیرالاسلام صاحب نے A-Z فائونڈیشن قائم کی جس کے تحت کراچی کے علاقے گلزار ہجری میں جولائی 2023ء میںایک فری میڈیکل اور نیورو لوجی کلینک قائم کیا جو کہ مریضوں کو مفت علاج کی سہولت فراہم کرتا ہے اس میں جنرل فزیشن‘ ذیابیطس کے ماہر‘ امراض سینہ کے ماہر‘ نیورو لوجسٹ اور فزیو تھراپی شامل ہیں۔ مرد اور خاتون فزیو تھراپی کے ماہر ڈاکٹرز موجود ہیں۔

سوال: آئندہ کا کیا پلان ہے؟

ڈاکٹر انوارالحق: ہم اس کلینک کو باقاعدہ ایک بہترین نیورو لوجی سینٹر (State of Art Neurlogy Center)بنانا چاہتے ہیں اپنے مرحوم دوست ڈاکٹر قاضی تنویر عزیر کے نام پر اس مفت نیوورو لوجی سینٹر کو قائم کیا جا رہا ہے۔ ہمارے منصوبے یہ ہیں:

-1 فری نیورو لوجی او پی ڈی جس میں نیورو لوجی کی تکالیف‘ سر درد‘ مرگی‘ فالج‘ اعصاب کی کمزوری‘ رعشہ‘ چکر آنا‘ ہاتھ پائوں کا سن ہونا اور نیند کے مسائل اور دیگر اعصابی تکالیف کا علاج کیا جائے گا۔

-2 نیورو لوجی کے مشکل مریضوں کے لیے ٹیلی میڈیسن کلینک کامستقبل شعبہ ہوگا۔ فی الحال اس میں ڈاکٹر انوارالحق اور ڈاکٹر فیض احسان امریکہ سے ہر اتوار کو ٹیلی میڈیسن کے ذریعے مریض چیک کریں گے۔

ٹیلی میڈیسن کلینک میں ہمارے سینٹر میں موجود نیورو لوجسٹ سینئر ڈاکٹروں کی معاونت کریںگے۔

-3 نیورو لوجی کے شعبے میں کرائے جانے والے یہ دونوں ٹیسٹ EEG اور EMG کیے جائیں گے۔ جونئر ڈاکٹروں اور عملہ کو ان ٹیسٹ کے متعلق تربیت دی جائے گی۔

-4 جنرل فزیشن اور جونیئر ڈاکٹروں کے لیے Short Neurology Course کروائے جائیںگے۔

-5 ٹیچنگ اسپتال کے تعاون اور رابطے سے پوسٹ گریجویٹ کی نیورو لوجی کے حوالے سے معاونت کی جائے گی۔

-6 فزیو تھراپی کے شعبے میں تربیت کا پروگرام شروع کیا جائے گا۔

-7 فالج سے بچائو کے لیے دیگر رفاہی اداروں کی ٹیم کی تربیت کی جائے گی اور کیمپس لگا کر فالج سے بچائو کو مہم بنا کر معاشرے میں آگای اور معاونت کی جائے گی۔

-8 میڈیا اور سوشل میڈیا کو آگاہی کے لیے استعمال کیا جائے۔

-9 عوامی آگاہی کے لیے لیکچرز‘ سیمینارزکا اہتمام اور اعصابی مریضوں کے معاشرتی مسائل کی آگاہی اور اس کے حل کے لیے رہنمائی کرنا۔

-10 وہیل چیئر کے استعمال کا طریقہ اور اس کی تربیت کا اہتمام کرنا۔

-11 فالج کے مریضوں کے رشتہ داروں کی تربیت کہ وہ کس طرح فالج کے مریضوں کی گھر پر ہی مدد کر سکتے ہیں۔

-12 عمر رسیدہ افراد کے نیورو لوجی مسائل کے حوالے سے گھر والوں کی تربیت۔

ہماری موجودہ ٹیم کے ساتھ ڈاکٹر قاضی تنویر عزیر کے دوست ڈاکٹروں اور دیگر احباب مل کر ڈاکٹر قاضی تنویر کے خدمت خلق مشن کو آگے بڑھائیں گے۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہماری مدد فرمائے‘ آمین۔

ایڈریس: ڈاکٹر قاضی تنویر عزیر میموریل مفت نیورولوجی سینٹر

A-Z فائونڈیشن A-71 الحرا سوسائٹی بالمقابل سفاری سن لے کاٹیجز گلزار ہجری اسکیم 33 کراچی۔ فون(واٹس ایپ) : 0334-9245446

حصہ