الخدمت کا سفر جاری۔۔۔1700باہمت بچوں کی سالانہ ہیلتھ اسکریننگ

346

بچے کسی بھی ملک کا روشن مستقبل ہوتے ہیں ،ان کی تعلیم، صحت ،خوراک،اچھی تربیت ،کھیل کود اورتفریح کا خیال رکھنا والدین کی ذمہ داریوں میںسب سے اہم ذمہ داری ہوتی ہے مگر یہی بچے ماں ،باپ یا دونوں سے محروم ہوں تو ایسے بچوں کے لیے حالات عام بچوں سے مختلف ہوتے ہیں۔ نہ ہی وہ اچھی تعلیم پا سکتے ،نہ ہی انہیں وہ سہولتیں میسر آسکتی ہیں جن کا ہم اوپر ذکر کرچکے ہیں،ایسے بچے یا توکسی رشتہ دار کے رحم وکرم پر ہوتے ہیں یا پھر باپ کی عدم موجودگی میں ماںکے کاندھوں پر ان کی ذمہ داری ہوتی ہے۔ ماں کی موجودگی میں وہ بچے جن کے والد انہیں معاشی لحاظ سے مضبوط کر گئے ہوتے ہیں وہ کسی نہ کسی طور بہتر مستقبل کی جانب گامزن ہو جاتے ہیں مگر وہ گھرانے جو سرپر سست کا سایہ اٹھ جانے کے بعد معاشی طوپر غیر مستحکم ہوتے ہیں انہیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

الخدمت پاکستان بھر میں معاشی طور پرغیر مستحکم ایسے ہی خاندانوں سے تعلق رکھنے والے بچوں کی کفالت کر رہی ہے ۔الخدمت ملک بھر میں 20ہزار سے زائد جبکہ صرف کراچی میں 1700سے زائد بچوں کی ان کے گھروں میں کفالت کر رہی ہے۔ ان بچوں کی 5ہزار 500روپے ماہانہ جبکہ 66ہزار روپے سالانہ سے کفالت کی جا رہی ہے۔ الخدمت اپنے زیر کفالت ان بچوں کو بالکل بھی تنہا نہیں چھوڑتی بلکہ لمحہ لمحہ ان کا خیال رکھتی ہے،وہ اسکول جارہے ہیں یا نہیں ،اسکول پرنسپلز سے ان بچوں کے تعلیمی احوال کے حصول الخدمت آرفن کیئر پروگرام کے ذمہ داران کی اولین ترجیح ہوتی ہے۔ رمضان المبارک میں عید الفطر کی خوشیوں میں شریک کرنے کے لیے ان بچوں کو نہ صرف شہرکے بڑے شاپنگ مال میں شاپنگ کروائی جاتی ہے،بلکہ ان بچوں کو سیر وتفریح کے لیے تفریحی مقامات کے ساتھ مطالعاتی دوروں پر بھی لے جایا تا ہے۔ الخدمت کی جانب سے ان بچوں کے لیے اہم اور خاص قومی ایام پر تقریبات منعقد کی جاتی ہیں جن میں مختلف مقابلہ جات کا اہتما م کیاہے جبکہ ’’ کردارسازی ‘‘ کے عنوان سے ان کیلئے تربیتی ورکشاپس کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے تاکہ ان کی شخصیت کی تعمیر ہو سکے اور یہ معاشرے کے بہترین فرد ثابت ہوں ۔

الخدمت ان بچوں کو باہمت بچوں کا نام دیتی ہے اور یہ ان کی ان ضروریات کا ہی خیال نہیں رکھتی ۔ یہی نہیں الخدمت اپنے زیر کفالت بچوں کی صحت کے حوالے سے بھی متفکر رہتی ہے۔ اس کے لیے الخدمت ہرسال سالانہ ہیلتھ اسکریننگ کرتی ہے تاکہ بچوں کو صحت سے متعلق درپیش ایشوز کو حل کیا جاسکے اور ضرورت کے مطابق انہیں طبی سہولتیں بھی فراہم کی جا سکیں ۔ الخدمت نے کورنگی ،اورنگی ،ناظم آباد کے اپنے اسپتالوں، لیاری اورنارتھ کراچی میں قائم اپنے میڈیکل سینٹرز میں 1700بچوں کی ہیلتھ اسکریننگ کی۔ الخدمت نے اپنے ہسپتالوں میں جنرل فزیشنز ،ناک ،کان ،گلا ،دانتوںاورآنکھوں سمیت دیگر امراض کے ماہر ڈاکٹروں کا انتظام کیا ۔ان صحت مراکز اور ہسپتالوں میں باہمت بچے اپنی ماؤں کے ساتھ آئے ، جہاں ان کا نہ صرف مکمل چیک اپ گیا گیا بلکہ پیرا میڈیکل اسٹاف نے انہیں ڈاکٹرز کی تجویز کردہ دوائیں بھی فراہم کیں۔ ہیلتھ اسکریننگ پران باہمت بچوں کی ماؤں کے چہرے پر موجود اطمینان دیدنی تھا۔چیف ایگز یکٹو الخدمت کراچی نوید علی بیگ ،ڈائریکٹر آرفن کیئر پروگرام یوسف محی الدین ،ڈائریکٹر کمیونٹی سروسز قاضی سید صدرالدین اور سابق رکن سندھ اسمبلی سید عبد الرشید نے ان اسپتالوں ،مراکز کا دورہ کیا، وہاں بچوں ملاقاتیں کیں اوران کے سروں پر دست شفقت رکھا ۔اس موقع پر تمام ذمہ داران نے ہیلتھ اسکریننگ کے عمل پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا ۔

نئی کلاسز کی بات ہو اور اسکول بیگ کی بات نہ ہو یہ ہو ہی نہیں سکتا، بچے اس معاملے میں نہایت حساس ہوتے ہیں ان کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ اسکول جائیں تو نیا بیگ اورمکمل اسٹیشنری ان کے پاس ہو ۔ الخدمت آرفن کیئر پروگرام نے نئے سال کی مناست سے اس بات کو بھی یقینی بنایا کہ ان باہمت بچوں کو اعلیٰ معیار کے اسکولز بیگز اور اسٹیشنری فراہم کی جائے۔ اس کے لیے لیاری ،کورنگی، کیماڑی ،اولڈ سٹی ایریا ،ملیر ،نارتھ کراچی سمیت دیگر کلیسٹرز میں خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا ،جن میں ان باہمت بچوں کو نئے اسکول بیگز اور اسٹیشنری کیلئے رقوم فراہم کی گئیں۔ بچوں کے چہروں پر خوشی نمایاں تھی۔ چیف ایگز یکٹو نوید علی بیگ ،سابق رکن سند ھ اسمبلی سید عبد الرشید ودیگر شخصیات نے ان بچوں میں بیگز تقسیم کیے۔ اس موقع پر ان کا باہمت بچوں کو کہنا تھا کہ وہ خوب دل لگا کر پڑھیں اور پڑھ لکھ کر بڑے آدمی بنیں ،کیونکہ آپ پڑھیں گے اور آگے بڑھیں تو یہ ملک آگے بڑھے گا ۔آنے والا کل آپ کا ہے ۔آپ ہی نے اس ملک کی باگ ڈور سنبھالنی ہے ۔

الخدمت اپنے زیر کفالت بچوں کی عملی صلاحیتوں کے اعتراف میں بھی کبھی پیچھے نہیں رہی ۔ الخدمت کے زیر کفالت وہ بچے جو میٹرک میں نمایاں نمبروں کے ساتھ کامیابی حاصل کرتے ہیں ،انہیں الخدمت نہ صرف ایوارڈ ز دیتی ہے بلکہ کیش ایوارڈز سے بھی نوازتی ہے۔ان ہونہار اور قابل باہمت بچوں کے شایان شان الخدمت ہیڈ آفس میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں اے اور اے پلس گریڈ میں نمبر حاصل کرنے والے 80سے زائد بچوں میں ایوارڈز تقسیم کیے جبکہ سب سے زیادہ نمبر حاصل کرنے والے تین طلبہ وطالبات کو کیش ایوارڈز دیئے گئے۔ اس موقع پرایگزیکٹو ڈائریکٹر الخدمت کراچی راشد قریشی ،مہمان خصوصی تھے۔ تقریب سے ڈائریکٹر آرفن کیئر پروگرام یوسف محی الدین،سینئر منیجر عنایت اللہ اسماعیل اور فصیح اللہ حسینی نے بھی خطاب کیا۔ راشد قریشی نے اپنے خطاب میں کہا میٹرک کے بعد آپ کی زندگی کا اصل سفر شروع ہو تا ہے،آپ کو فیصلہ کرنا ہے کہ آپ نے کس فیلڈ کو اختیار کرنا ہے ،شعبے کا انتخاب ضروری ہے اوراس شعبے کا انتخاب کیجئے جس میں آپ دلچسپی رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ جس فیلڈ میں بھی جائیں ایک بات آپ کے پیش نظر ہونی چاہیے کہ آپ اچھے ڈاکٹر ،اچھے انجینئر ،اچھے استاد اور اچھے وکیل کے ساتھ ساتھ اچھے مسلمان بھی بنیں ۔آخرت میں کامیابی کے لیے یہی واحد نکتہ ہے جس کا آپ نے خیال رکھنا ہے ،اپنی زندگی سے جھوٹ کو بالکل نکال دیجئے ۔

یوسف محی الدین نے کہا کہ آپ ، آپ کی مائیں اور اساتذہ مبارکباد کی مستحق ہیں جن کی شب روز کی محنت نے آپ کا کومیابی دی ۔ میٹرک کے بعد اپنی زندگی کا صحیح رخ متعین کیجئے تاکہ جس فیلڈ میں بھی جائیں آپ کو کامیابی ملے۔ اپنی صلاحیتوں استعمال کیجئے اور آگے بڑھیے ،ان شااللہ روشن مستقبل آپ کا منتظر ہے۔یوں ایک یادگار تقریب اختتام پذیر ہوئی اور بچوں کی صلاحیتوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔ تمام بچوں کو ایجوکیشنل کٹس بھی دی گئیں ۔

حصہ