فلسطین اور امت مسلمہ کا فریضہ

(دوسرا اور آخری حصہ)

ابلاغ عامہ کا استعمال:
تحریک سے وابستہ اصحاب علم کے لیے ضروری ہے کہ مسئلہ فلسطین کے مختلف پہلووئوں پر علمی اور تحقیقی مواد (حقائق اور معلومات) تیار کریں اور یونی ورسٹیوں اور بیرون ملک اخبارات تک ای میل اور دیگر ابلاغی و سماجی میڈیا کے ذریعے دنیا تک پہنچانے کا اہتمام کریں۔

سوشل میڈیا کا محاذ:
اس وقت سوشل میڈیا محاذِ جنگ کے بعد دوسرا اہم ترین محاذ بنا ہوا ہے۔ سوشل میڈیا پر اسرائیل کی حمایت میں یہود و ہنود کے اشتراک سے جھوٹا پروپیگنڈا نقطۂ کمال پر ہے۔ حماس کی تازہ کارروائی کے فوراً بعد اسرائیل میں حماس کے ہاتھوں 40 بچوں کے قتل کی جھوٹی خبر کو سوشل میڈیا پر پھیلا دیا گیا۔ امریکی صدر نے بھی اس بنیاد پر حماس کے خلاف سخت ترین غیر سفارتی زبان میں اس عمل کی مذمت کی۔ بعدازاں خبر غلط ثابت ہوئی۔ موبائل اور کمپیوٹر کے ذریعے لڑی جانے والی اس جنگ کے لیے ہمیں بھی فعال، ذہین اور مستعد افراد کے ذریعے منظم انداز میں روزانہ کی بنیاد پر جھوٹے پروپیگنڈے کا توڑ کرنا چاہیے۔ سوشل میڈیا محاذ کے ذریعے حسب ذیل اہداف پر توجہ کی ضرورت ہے:

٭ اسرائیل کے زیر اثر عالمی میڈیا کے جھوٹے پروپیگنڈا کا توڑ۔

٭ہر گھنٹے کی بنیاد پر اسرائیل کے غزہ کے انسانوں پر توڑے جانے والے مظالم سے دنیا کو آگاہ کرنے کا اہتمام۔

٭عوامی بیداری کے لیے حقائق اور تاریخی پس منظر کی مسلسل تشہیر۔

٭لاکھوں محصور لوگوں کی جانیں بچانے کے لیے عطیات کے حصول کی مہم کو آگے بڑھانادیگر رضاکار اداروں کی سرگرمیوں کا ابلاغ اسرائیل اور اس کے اتحادی ممالک کی مصنوعات کی نشان دہی اور ان کے بائیکاٹ کے لیے عوام کی ذ ہن سازی۔

تعلیمی اداروں اور جامعات میں سرگرمیاں:
اہم تاریخی اور نظریاتی اہمیت کے موضوعات ہمارے نصاب تعلیم کا حصہ نہیں ہیں۔ جس کے باعث ہماری نوجوان نسل میں اہم نظریاتی موضوعات پر شعور کی کمی ہے۔ ان حالات میں ہمیں ایسے پروگرام اور سرگرمیاں منعقد کرنی چاہئیں جن کے نتیجے میں نوجوان نسل کے شعور میں اضافہ ہو۔ جامعات میں یونینوں پر پابندی کے باوجود ہر جامعہ میں طلبہ کی سرگرمیوں کے لیے سوسائٹیاں اور کلب موجود ہیں۔ مسئلہ فلسطین کی تاریخ، پس منظر، حقائق واضح کرنے کے لیے تقریری مقابلے منعقد کیے جا سکتے ہیں۔ ہینڈ بلوں، کتابچے اور سوشل میڈیا پوسٹوں کے ذریعے نوجوان نسل کو اس انسانی مسئلے کے حقائق اور تاریخی پس منظر سے آگاہ کرنے کا اہتمام ضروری ہے۔تعلیمی اداروں کی سطح پر پُرامن احتجاجی واک، شعور بیدار کرنے والی ریلیوں اور جلسوں کے ذریعے نوجوان نسل کی سیاسی جدوجہد کی تربیت کے عمل کو آگے بڑھایا جائے۔تعلیمی اداروں کی سطح پر مختلف ڈارما سوسائٹیوں کے قیام کے ذریعے ڈراموں اور مختصر تمثیلی خاکوں کے ذریعے غزہ کے مظلوموں کی زندگی کے مختلف پہلوئوں اور عالمی سامراج کے دہرے منافقانہ معیار کو اجاگر کیا جائے۔ غرض ہر سطح کے تعلیمی اداروں میں نوجوانوں میں بیداری کے حصول کے لیے مختلف النوع تربیتی وار آگاہی سرگرمیاں منعقدکرنا ضروری ہے۔ ان سرگرمیوں کے مختصر دورانیے کے کلپس سوشل میڈیا کے ذریعے عوامی شعور میں اضافے کا بھی سبب بنیں گے۔

بین الاقوامی اداروں کو قراردادیں جمع کرانا:
غزہ کا مسئلہ بنیادی طور پر ایک انسانی مسئلہ ہے جس میں لاکھوں لوگ اپنی سرزمین سے بے دخل کر کے جبری طور پر مہاجر بنائے جا رہے ہیں اور ان پر بنیادی ضروریات زندگی کے دروازے بند کر دیے گئے ہیں۔ظالمانہ بمباری کے ذریعے ہزراوں عورتوں ، بچوں ،مریضوں کو قتل عام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ اس عظیم انسانی المیے کے خلاف اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں کے مقامی دفاتر کے سامنے مظاہروں کا انعقاد کیا جائے اور قراردادیں جمع کروائی جائیں، جن میں اقوام متحدہ کو ذمہ داری ادا کرنے پر متوجہ کیا جائے۔ اس صورت حال پر اقوام متحدہ سے سوال کیا جائے کہ اگر وہ انڈونیشیا میں عیسائیوں کے تحفظ کے لیے اقدام کر سکتی ہے تو وہ فلسطین کے نہتے اور مظلوم انسانوں کے لیے کیوں جنگ بندی نہیں کروا سکتی اور اسرائیل پر انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر ہرجانہ کیوں نہیں کر سکتی؟ اقوام متحدہ پر زور ڈالا جائے کہ وہ غزہ کے متاثرین تک طبی اور غذائی امداد کی فراہمی کے جلد از جلد انتظامات کرے۔

سیاسی محاذ:
پاکستانی سیاست دان، دانش ور اور عوام عمومی طور پر مسئلہ فلسطین کے حوالے سے قائد اعظم ؒ کے اصولی موقف سے آگاہ نہیں ہیں۔ پاکستان کی خارجہ پالیسی بھی قائدا عظمؒ کے موقف سے انحراف کی راہ پر گامزن ہے۔ قومی سطح پر تمام سیاسی جماعتوں سے روابط اور اس موضوع پر قومی اتفاق رائے پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ تحریک کے زیر اہتمام عوامی احتجاجوں میں دیگر سیاسی جماعتوں کے قائدین کی شرکت سے یک جہتی کی فضا کے قیام میں مدد ملے گی۔ تمام جماعتوں کے قائدین کو آل پارٹیز فلسطین کانفرنسوں میں مدعو کرکے قومی اتفاق رائے پیدا کیا جاسکتا ہے۔ تمام جماعتوں کی جانب سے مشترکہ اعلامیوں اور قراردادوں میں حکومت سے مطالبہ کیا جائے کہ وہ جنگ بندی کے قیام، فوری طبی امداد و دیگر بنیادی ضروریات کے ذریعے متاثرین کی ہر ممکن فوری امداد کی ذمہ داری ادا کرے۔ نیز تمام ریاستی وسائل مثلاً ٹی وی، ریڈیو، اخبارات کو بروئے کار لاتے ہوئے تنازع فلسطین کے تاریخی پس منظر اور اسرائیل کے سفاکانہ کردار کو پاکستان سمیت پوری دنیا کے سامنے بھرپور انداز میں پیش کرے۔

مسئلہ فلسطین اور قائداعظم ؒ:
ذیل میں قائد اعظمؒ کے فلسطین کے حوالے سے اصولی موقف کی ترجمانی کرنے والے اہم حوالے پیش کیے جا رہے ہیں۔ قائداعظمؒ کے اصولی موقف کی روشنی میں قومی اتفاق رائے اور خارجہ پالیسی کی سمت درست کرنے کی ضرورت ہے۔ وہ 17فروری 1944ء کو اپنے ایک تارکے ذریعے پیغام میں مسٹر چرچل کو خطاب کرتے ہوئے کہتے ہیں:(روزنامہ ڈان، 18فروری 1944ء )

America-Zionist propaganda supported by influential quarters causes alarm and serious apprehension. Any departure from White Paper and definite assurances given to Muslim India by Lord Linlithgow, Viceroy on behalf of His Majesty’s Government would be further act of flagrant injustice to Arabs and breach of faith. Not only Muslim India but entire Muslim world would deeply resent it. Consequences fraught with gravest danger.

بااثر حلقوں کی حمایت سے امریکی ور یہودی پروپیگنڈا زبردست خوف اور خطرے کو جنم دیتا ہے۔ قرطاسِ ابیض اور ان یقین دہانیوں سے کوئی انحراف جو وائسرائے لارڈ لنل تھگو نے ملک معظم کی حکومت کی جانب سے مسلم ہند کو کرائی تھی عربوں کے ساتھ صریح ناانصافی اور عہد شکنی کی جانب ایک اور قدم ہوگا۔ نہ صرف مسلم ہند بلکہ پورا عالمِ اسلام اس کے خلاف اظہارِ ناراضی کرے گا۔ اس کے نتائج شدید تشویش اور سنگین خطرات کا باعث ہوں گے۔اسی طرح کا ایک برقی پیغام میں (2 اکتوبر1945ء) برطانوی وزیر اعظم مسٹر ایٹلی کو لکھتے ہیں:

President Truman’s reported Palestine immigration proposal is unwarranted, encroaching upon another country, monstrous and highly unjust. Any departure from the White Paper and Britain’s pledge will not only be sacrilege and a breach of faith with Muslim India but an acid test of British honour. It is my duty to inform you that any surrender to appease Jewry at the sacrifice of Arabs would be deeply resented and vehemently resisted by the Muslim would and Muslim India and its consequences will be most disastrous.

فلسطین میں یہودیوں کی آمد کے بارے میں صدر ٹرومین کی تجویز، جو اخبارات میں شائع ہوئی، ناجائز، دوسرے ملک کے معاملے میں مداخلت، خوف ناک اور نہایت غیر منصفانہ ہے۔ قرطاس ابیض اور برطانیہ کے عہد سے ماورا کوئی اقدام نہ صرف (مذہبی) بے حرمتی اور مسلمانانِ ہند کے ساتھ عہد شکنی ہوگی بلکہ برطانوی وقار کی آزمائش بھی ہوگی۔ میں یہ اطلاع دینا اپنا فرض سمجھتا ہوں کہ یہودیوں کی خوشامد کے لیے عربوں کو قربان گاہ کی بھینٹ چڑھانے کی سعی عالمِ اسلام اور مسلم ہند میں بے جا خفگی کا باعث ہوگی اور اس کی زبردست مزاحمت ہوگی اور اس کے نتائج نہایت تباہ کن ہوں گے۔ 23 جنوری 1946ء کو اپنے ایک بیان میں اسی بات کو دہراتے کرتے ہیں :

If there is going to be any departure from the policy declared by Britain in the White Paper on Palestine, Mussalmans in India cannot remain detached observers and will support the Arabs in any way they can.

However, boycott measures might be levelled against goods of Jewish origin, as indicated by the Agra Report that Muslim shopkeepers are already refusing to sell “Jewish cigarettes” (APA). (The Dawn, January 24, 1946.)

اگر برطانیہ کی جانب سے فلسطین کے متعلق قرطاس ابیض میںا علان کردہ حکمت عملی سے انحراف ہوا تو مسلمانانِ ہند خاموش تماشائی بنے نہیں رہ سکتے، اور وہ ہرممکن طریقے سے عربوں کی حمایت کریں گے…تاہم یہودی الاصل اشیا کی خرید و فروخت کے مقاطعے کے اقدامات اختیار کیے جاسکتے ہیں، جیساکہ ’آگرہ رپورٹ‘ سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہاں مسلمان دکان دار ’یہودی سگریٹ‘ فروخت کرنے سے انکار کر رہے ہیں۔

24 دسمبر 1974ء کو یمن کے بادشاہ امام یحییٰ کے نام ان کے پیغام کے جواب میں اس عزم کا اظہار (روزنامہ پاکستان ٹائمز، 25دسمبر1974ء)کرتے ہیں:

I fully share your Majesty’s surprise and shock at the serious lack of judgment shown by the UNO by their unjust decision in respect of Palestine. I once more assure you and our Arab brethren that Pakistan will stand by them and do all that is possible to help and support them in their opposition on the UNO decision which is inherently unjust and outrageous.

اقوام متحدہ کے فلسطین کے حوالے سے انتہائی غیرذمہ دارانہ رویے کی بناپر کیے گئے غیرمنصفانہ فیصلے پر میں عزّت مآب کی حیرت اور صدمے کی کیفیت میں پوری طرح شریک ہوں۔ میں ایک بار پھر آپ کو اور اپنے عرب بھائیوں کو یقین دہانی کراتا ہوں کہ اس مسئلے میں پاکستان ان کے ساتھ کھڑا ہے اور اقوام متحدہ کے اس فیصلے کی مخالفت میں ان کی ہرممکن مدد اور حمایت کرے گا، جو کہ فطری طور پر غیرمنصفانہ، انتہائی شرمناک اور توہین آمیز ہے۔

قائد اعظمؒ نے بے شمار مواقع پر فلسطینی جہاد کی حمایت اور اسرائیل کو ایک ناجائز غاصبانہ ریاست قرار دیا تھا لیکن نئی نسل ان کے موقف سے آگاہ نہیں ہے۔ ہم نے صرف دو تین حوالے انھی کے الفاظ میں درج کیے ہیں جنہیں ابلاغ عامہ کے ذریعے سے حکومت پاکستان کی سرکاری پالیسی کو طور پر بڑے پیمانے پر پھیلایا جا سکتا ہے۔

اللہ تعالیٰ فلسطین کے مجاہدین کی غیبی مدد فرمائے اور انھیں آزاد فلسطینی ریاست کے قیام میں کامیابی دے ، یروشلم جس کا دار الخلافہ ہو اور دنیا بھر کے مسلمان مسجد الاقصیٰ میں آزادی کے ساتھ عبادت کی سعادت سے بہرہ مند ہوں۔ اس عظیم مقصد کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو اللہ رب العزت شہادت کے اعلیٰ درجے سے نوازے (آمین)۔