شاد باد منزل مراد

181

جماعت اسلامی اندھیرے میں چراغ روشن کرنے والی تحریک ہے جس کی روشنی میں قافلے مشکل سے مشکل سفر بھی با آسانی طے کرتے اور رواں دواں رہتے ہیں۔

ایک خوب صورت شام تھی جب ان چراغوں نے اپنی روشنی سے ایک مشکل محاذ پر کاربند سپاہیوں کی مسافتوں کو آسان کیا ، انہیں کمک فراہم کی ، مسکراہٹیں بکھیریں۔

امید کو جلا بخشتا ہوا ایک پروگرام جماعت اسلامی حلقہ خواتین ضلع شرقی شعبہ نشر واشاعت کے تحت 19 اگست بروز ہفتہ ارقم اسلامک سینٹر میں منعقد کیا گیا۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ رضوانہ قطب نے کمپیئرنگ کے فرائض انجام دیے۔

زندہ قومیں مصائب و مشکلات سے مردانہ وار مقابلہ کرکے بالآخر برے حالات سے نکل ہی جاتی ہیں۔ یہ ملک اسلام کے نام پر بنا اور اس کی کامیابی اور ترقی کی ضمانت بھی فقط دین اسلام ہی ہے۔

اسی نکتے پر نائب امیر حلقہ کراچی محترم اسامہ رضی کا لیکچر بعنوان ’’جماعت اسلامی پاکستان کی نظریاتی محافظ‘‘ حاضرین کو بہت کچھ سوچنے پر مجبور کر گیا۔

نائب امیر حلقہ ڈاکٹر اسامہ رضی نے اپنے خطاب میں کہا ’’جاگیر دارانہ نظام، سرمایہ دارانہ نظام capitalism ، سوشلزم اور کمیونزم بے شک انسانی شعور کا حصہ بنے لیکن قرآن کریم جس طرح معاشرے اور نظام کو مربوط بناتا ہے وہ آگہی انسان کو فکری اور عملی لحاظ سے اسلام ہی مہیا کرتا ہے کیوںکہ اسلام اپنا آغاز ہی اقتدار اعلیٰ سے کرتا ہے۔ اس تصور کی تجدید ایک طویل عرصے کے بعد سید مودودیؒ نے کی۔

بادشاہوں، خانقاہوں، جاگیر داروں اور سرمایہ داروں نے اسلام کو صرف مساجد تک محدود رکھا۔ یہی فکری زوال احیائے اسلام کی تحریک اور پھر پاکستان کی تشکیل کا باعث بنا۔

تشکیل پاکستان کے دوران اور اس کے بعد دو قومی نظریہ پر دلائل کا خاکہ سید مودودیؒ نے لٹریچر کے ذریعے فراہم کیا۔ سیکولر سوچ رکھنے والے طبقات کی طرف سے اسلام کو بہ حیثیت نظام قبول کرنا ایک بڑی رکاوٹ رہی۔

پاکستانی عوام کی بدقسمتی کے پاکستان میں یہ کام نہ ہوسکا اور سازشی عناصر نے ایک نئی غلامانہ سوچ کو رائج کیا اور انسانوں کو انسانوں کی ہی غلامی کا شکار بنا دیا۔‘‘

نگران نشر واشاعت ضلع شرقی محترمہ صائمہ عاصم نے بلاگ رائٹنگ اور کونٹینٹ میکنگ کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ آج سوشل میڈیا کی وسیع دنیا میں کونٹینٹ مینجمنٹ ایک اہم ٹول ہے۔ حالات کیسے بھی ہوں جماعت اسلامی اپنے افراد کو نئے چیلنجز سے نمٹنا سکھاتی ہے۔ بلاگ اور کونٹینٹ رائٹنگ موجودہ دور کی اہم ترین ضرورت اور عوام الناس تک اپنے نظریات کی تشہیر کا اہم ترین ذریعہ ہے۔اس کے بعد ناظمہ کراچی اسما سفیر نے بلاگز ، پوسٹ میکنگ اور کونٹینٹ رائٹنگ مقابلے کے شرکامیں شیلڈز اور اسناد تقسیم کیں۔

ناظمہ ضلع شرقی ندیمہ تسنیم نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کی نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کا عزم جماعت اسلامی کی اساس ہے جس کا بنیادی مقصد یہی ہے کہ صحیح راہ پر جدوجہد کے ذریعے اسلام اور قیام پاکستان کا حقیقی پیغام لوگوں تک پہنچ سکے۔

مختصر دعائیہ کلمات پر اس خوبصورت اور پرعزم پروگرام کا اختتام ہوا۔

حصہ