الخدمت کے تحت یوم آزادی کی تقریبات

348

یومِ آزادی پاکستان آتا ہے تو ماحول میں خوش گوار سا رنگ بکھر کاجاتا ہے، چہارسو جوش، ولولہ اور خوشیوں کا سماں ہوتا ہے۔ وطنِ سے محبت کے جذبات ایسے نمایاں ہوتے ہیںکہ ہرطرف بہار چھا جاتی ہے۔ بڑے، بچے، نوجوان اورخواتین سب آزادی کی خوشیوں کے رنگ میں رنگ جاتے ہیں۔ یہ وہ جذبہ ہے جو ہمیں آزادی کی قدر و منزلت اور احساس سے سرشار کرتا ہے۔ جشنِ آزادی کے اس پورے عمل میں بچوں کا جو جذبہ ہوتا ہے وہ ناقابل بیان ہے۔

یوم آزادی کی مناسبت سے ملبوسات، گھروں کو جھنڈیوں سے سجانا، قومی پرچم لہرانے میں اپنے بڑوں کے ساتھ پرجوش ہونا وہ انمول جذبے ہیں جس کی کوئی مثال نہیں ۔

پاکستان کی 76 ویں یوم آزادی کے موقع پر ملک بھر کی طرح یہی جذبات الخدمت کراچی کے مزکزی دفتر،آرفن کیئر پروگرام اور آغوش ہوم کے بچوں میں بھی دیکھے گئے۔

الخدمت نے وطنِ سے محبت کے اس عظیم جذبے کو تقویت بخشنے کے لیے مرکزی دفتر سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں آرفن کیئر پروگرام کے تحت تقریبات کا اہتمام کیا جب کہ الخدمت ’’آغوش ہوم‘‘ گلشن معمار کے باہمت بچے بھی ان خوشیوں میں پیچھے نہیں رہے ’’آغوش ہوم؎‘‘ میں شان دار تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔

الخدمت کے تحت مرکزی تقریب الخدمت ہیڈ آفس میں منعقد ہو ئی۔ دفتر کو سبز اور سفید لائٹس، غباروں اور جھنڈیوں سے انتہائی خوب صورتی سے سجایا گیا تھا۔ چیف الخدمت کے ایگزیکٹیو نوید علی بیگ اور ایگز یکٹو ڈائریکٹر راشد قریشی نے ڈائریکٹرز،منیجرز اورکارکنان ساتھ جشن آزادی کا کیک کاٹا‘ پرچم کشائی کی اور ملکی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔ اس موقع پر نوید علی بیگ نے کہا کہ پاکستان کا قیام بے مثال جدوجہد اور قربانیوں کا نتیجہ ہے۔ وطن عزیز حاصل کر نے کے لیے مسلمانانِ برصغیر نے لاکھوں جانوں کی قربانیاں دیں۔ قربانیوں کے اس فلسفے کو سمجھنا ہوگا۔ معاشرے میں ہم جس مقام اور ذمہ داری پر ہوں، ہمارا فرض ہے کہ ہم ایمان داری سے کام کریں اور ملک کی تعمیر وترقی اور استحکام میں اپنا کردار ادا کریں ۔ انہوں نے کہا ہمیں ان قربانیوں کو یاد رکھنا چاہیے اور نئی نسل کو اس سے آگاہ کرنا چاہیے۔

الخدمت کے آرفن کیئر پروگرام کے تحت، لیاری، کورنگی، لانڈھی، نئی کراچی، اورنگی ٹائون، شاہ لطیف ٹاؤن، لیاری اولڈ سٹی ایریا میں بھی جشن آزادی کی تقریبات کااہتمام کیا گیا۔ تقریب کے تمام مقامات کو خوب صورتی سے سجایا گیا اور پرچم کشائی کی گئی‘ بچوں میں قومی پرچم اور بیجز تقسیم کیے گئے۔ بچوں کے درمیان تقریری، ملّی نغمے، کوئز اور ڈرائنگ کے مقابلے منعقد کیے گئے اور ان مقابلوں میں پوزیشن حاصل کرنے والے بچوں میں تحائف بھی تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر مختلف مقامات پر پودے لگا کر شجرکاری بھی کی گئی۔

الخدمت کے تحت گلشن معمار میں قائم ’’آغوش ہوم‘‘ میں ’’باہمت‘‘ بچوں کے ساتھ یومِ آزادی پاکستان شایان شان طریقے سے منایا گیا۔ وسیع و عریض رقبے پر قائم ’’آغوش ہوم‘‘ کو قومی پرچموں، جھنڈیوں، سبز اور سفید غباروں اور برقی قمقوں سے خوب صورتی سے سجایا گیا‘ بچوں کے لیے خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا‘ آغوش ہوم کے بچوں کے درمیان ملّی نغموں، تقاریر اور کوئز کے مقابلے منعقد کیے گئے۔ بچوں نے ٹیبلوز پیش کر کے وطن سے مثالی محبت کا اظہار کیا ۔اس موقع پر بچوں کے لیے مختلف گیمز، جمپنگ کیسل، جھولوں اور گھڑ سواری کا بھی اہتما م کیا گیا جس سے بچے بہت محظوظ ہوئے۔ اس موقع پر آغوش ہوم میں مقیم بچوں کی مائیں اور سرپرست موجود تھے جن کی خوشی دیدنی تھی۔

’’باہمت بچوں‘‘ کے لیے کراٹے شو بھی منعقد کیا گیا جس میں بچوں نے اپنے فن کا بھرپور مظاہر ہ کیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی ایگز یکٹیو ڈائریکٹر الخدمت راشد قریشی تھے۔ سینئر منیجر کوآرڈینیشن عنایت اللہ اسماعیل، منیجر آغوش ہوم مصعب بن عبدالقادر، ڈونرز اور آغوش ہوم کے دیگر ذمے داران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ تقریب میں بچوں نے تمام مقابلوں اور کھیلوں میں شان دار پرفامنس دی اور حاضرین سے خوب داد وصول کی۔

آغوش ہوم کی تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہواجس کی سعادت حافظ عبداللہ مصطفی نے حاصل کی۔ نظامت کے فرائض محمد اقبال اسماعیل نے انجام دیے۔ تقریب میں ’’آزادیٔ پاکستان‘‘ کے عنوان سے پُرجوش انداز میں اردو اور انگریزی میں تقاریر کیں جسے حاضرین نے خوب خوب سراہا۔ تقریب میں آغوش ہوم میں اپنی آمد کے وقت 10پاروں سے قرآن پاک حفظ کرنے والے بچے کو انعام دیا گیا جب کہ عثمان پبلک اسکول میں زیر تعلیم ایک بچے کو اے گریڈ حاصل کرنے پر انعام سے نواز گیا۔ تقریب میں قومی ترانہ پڑھا گیا اور بچوں نے پاکستان زندہ باد کے پُرجوش نعرے لگائے۔ تقریب کے مہمان خصوصی ایگزیکٹیو ڈائر الخدمت کراچی راشد قریشی نے بچوں کے ہمراہ پرچم کشائی کی اور دُعا کروائی۔ قبل ازیں ’’آغوش ہوم‘‘میںشجرکاری کی گئی۔

تقریب سے خطاب کر تے ہوئے راشد قریشی نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ ہم یوم آزادی پاکستان بہترین انداز میں منا رہے ہیں۔ یہ وطن اسلام کے نام پر حاصل کیا گیا تھا۔ برصغیر پاک وہند بھارت، پاکستان اور بنگلہ دیش پر مشتمل تھا۔ برصغیر پرسیکڑوں برس مسلمانوں کی حکومت رہی۔ پھر ہم اپنی کوتاہیوں کی وجہ سے زوال پذیر ہوئے تو انگریزوں نے اس سے فائدہ اٹھایا اور برصغیر پر قابض ہو گئے۔ حصول پاکستان کے لیے قائداعظم اور ان کے ساتھیوں نے عظیم جدوجہد کی اور لاکھوں مسلمانوں نے اس کے لیے قربانیاں دیں۔ اللہ کا شکر ادا کرنا چاہیے کہ ہمیں آزادی کی نعمت ملی۔ آزادی بڑی نعمت ہے ہمیں اس کی قدر کرنی چاہیے۔ آج ضرورت ہے کہ اسے حقیقی معنوں میں اسلامی اور فلاحی ریاست بنایا جائے۔ انہوں نے بچوں سے مخاطب ہو کر کہا کہ آپ ملک کا روشن مستقبل ہیں۔ آپ پڑھ لکھ کر نہ صرف اس ملک کی باگ ڈور سنبھالیں گے بلکہ اسے اسلامی فلاحی ریاست بنائیں گے۔

منیجر آغوش ہوم مصعب بن عبدالقادر نے کہا کہ الحمدللہ آغوش ہوم میں قیام پذیر ’’باہمت بچوں‘‘ کے صبح اٹھنے سے لے کر رات سونے تک پورا نظام منظم انداز میں جاری ہے۔ ان بچوں کو عثمان اسکول میں تعلیم دی جا رہی ہے۔ آغوش ہوم انتظامیہ ان بچوں میں لیڈر شپ پیدا کرنے کی جستجو کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آغوش ہوم میں مقیم ایک بچے کی ماہانہ 20 ہزار سالانہ 2 لاکھ 40 ہزار سے کفالت کی جا رہی ہے ۔ مخیر حضرات دست تعاون بڑھا کر ان بچوں کا مستقبل روشن بنا سکتے ہیں۔

شاہ لطیف ٹاؤن ملیر میں آرفن کیئر پروگرام کے تحت منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی ضلع ملیر محمد اسلام نے کہا کہ شاعر مشرق علامہ محمد اقبال نے خواب دیکھا اور اسے قائد اعظم نے حقیقت کا رنگ دیا۔ دو قومی نظریہ اس کی وجہ بنا۔ ہمیں آزاد ملک حاصل ہوا۔ تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ اس آزادی کی قدر کی جائے اور آج کے دن اپنے عظیم رہنماؤں کو یاد رکھا جائے۔ انہوں نے کہا بچے علم سے محبت کریں، آگے بڑھیں اور ترقی کریں۔ آپ علم حاصل کریں گے، پڑھیں گے تو ملک ترقی کرے گا۔ مستقبل آپ ہی کا ہے۔

لیاری میں منعقدہ تقریب سے نائب صدر الخدمت ضلع جنوبی صوفیہ شبیر نے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ آج ملک مسائل کا شکار ہے ،تمام مسائل کا حل اسلامی نظام میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی کے لیے ہرفرد کو اپنا کام ایمان داری اور محنت سے کرنا ہوگا۔ تقریب کے اختتام پر تقریری، ملّی نغموں،کوئز اور ڈرائنگ کے مقابلوں میں پوزیشن حاصل کر نے والوں میں ایوارڈ تقسیم کیے گئے۔

حصہ