الخدمت چرم قربانی مہم ،کھالوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ

510

عید الاضحی جوں جوں قریب آتی ہے تو الخدمت کی ذمے داریاں بڑھ جاتی ہیں، ہر کارکن مستعد اور احساس ذمے داری سے سرشار ہو جاتا ہے۔ ہر رضا کار اپنی ذمے داریاں ادا کرنے کو تیار ہوجاتا ہے۔ ذمے دارن بھی میدان میں ہوتے ہیں اور رضا کار کی طرح عید الاضحی کے تینوں ایام خدمت میں مصروف ہو جاتے ہیں۔

الخدمت کے تحت تنظیمی لحاظ سے تقسیم 12اضلاع میں گویا ایمر جنسی نا فذ ہوجاتی ہے۔ ہر ضلع میں اجتماعی قربانی کے مراکز قائم کیے جاتے ہیں جہاں شہری اجتماعی قربانیوں میں حصہ لیتے ہیں۔ بہترین انتظامات، نہایت عمدگی اور ترتیب کے ساتھ قربانی کی جاتی ہے، یہ تمام کام نہایت منظم اور شفاف طریقے سے کیے جاتے ہیں یہی وجہ ہے کہ اہل کراچی الخدمت پر بھرپور اعتماد کرتے ہیں۔

اس کے علاوہ بڑے پیمانے پر فی سبیل اللہ قربانی کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے۔ فی سبیل اللہ و اجتماعی قربانی میں حصہ لینے والوں کا جذبہ دیدنی ہوتا ہے۔ الخدمت فی سبیل اللہ قربانی کا گوشت کراچی کے مستحقین کے ساتھ ساتھ اندرون سندھ میں بھی ضرورت مندوں میں تقسیم کرتی ہے۔ اس عید الاضحی پر جہاں کمزوروں، محتاجوں اور ضرورت مندوں کو یاد رکھا گیا وہاں سیلاب متاثرین کو بھی عیدکی خوشیوں میں شریک کیا گیا اور ان کے گھروں تک گوشت پہنچایا گیا۔ الخدمت رضاکاروں کی ایک ٹیم گڈاپ کے علاقے میں سیلاب متاثرین کے لیے قائم الخدمت ماڈل ولیج گئی اور گھر‘ گھر قربانی کا گوشت پہنچایا۔ اس موقع پر ولیج کے مکینوں کی خوشی دیدنی تھی۔ الخدمت کی ٹیم بچوں میں گھل مل گئی اوران کے ساتھ کچھ وقت گزارا۔

الخدمت ولیج میں رہائش پذیر افراد کا کہنا تھا کہ جب سیلاب سے ہمارے گھر تباہ ہو ئے تو ہمیں کسی نے نہیں پوچھا جب کہ الخدمت نے ہمیں گھر تعمیر کر کے دیے۔ عید الا ضحی پر بھی الخدمت نے ہمیں یاد رکھا ہم اس کے مشکور ہیں۔ انہوں نے صدر الخدمت حافظ نعیم الرحمن کا بھی شکریہ ادا کیا کہ الخدمت نے عید الاضحی کے تینوں دن لاکھوں گھرانوں تک قربانی کا گوشت پہنچایا۔

ادھر الخدمت کے سیکڑوں رضاکار پہلے دن ہی کورنگی اور سہراب گوٹھ میں قائم کیے گئے کھالوں کے مراکز میں مستعد ہو کر ذمے داریاں انجام دے رہے تھے۔ قربانی کی کھالوں میں ریکارڈ اضافے کے سبب ایک اور ٹینری کا اضافہ کیا گیا۔ سیکڑوں رضاکاروں نے ان قربانی مراکز میں مختلف خدمات انجام دیں۔ بڑی تعداد میں ٹرک، سوزکی اور ٹرکوں میں قربانی کی کھالیں پہنچا رہے تھے۔ قربانی مراکز میں موجود رضا کار گاڑیوں کو ریسیو کرتے اور ان سے کھالوں کی تعداد کا پرچہ لے کر ان کی انٹری کے لیے قائم کیمپ پر جاتے اور وہاں علاقے کا نام اور کھالوں کی تعداد کا انداراج کر واتے۔ بعدازاں گاڑیوں سے کھالیں اتار کرا نہیں محفوظ بنانے کے لیے ان پر نمک چھڑکتے۔ سخت گرمی میں یہ عمل انتہائی مشکل اور محنت طلب تھا مگر اس کے پیچھے جذبہ تھا جو تکان کا احساس ہونے نہیں دیتا تھا۔

چرم قربانی مہم میں تمام اضلاع میں رضاکار متحرک تھے۔ الخدمت ہیڈ آفس میں ایک کنٹرول روم قائم کیا گیا تھا، جہاں مستعد وتوانا نوجوان شہر بھر سے کھالوں کے لیے آنے والی کالز وصول کرتے، کھالوں کی قسم‘ تعداداور پتا دریافت کرنے کے بعد فوری طور پر متعلقہ علاقے کے ذمے دار کو اس کی اطلاع دیتے۔ اضلاع کے رضاکار اس پتے پر پہنچ کر کھالیں وصول کرتے۔ جب کہ بڑی تعداد میں لوگ قربانی کی کھالیں الخدمت کے کیمپوں اور دفاتر میں بھی پہنچا رہے تھے۔ الخدمت کی جانب سے رضاکاروں کی یہ تحریک تینوں دن جاری رہی۔

الخدمت کے ذمے داران بھی اجتماعی قربانیوں، کھالوں کی وصولی کے بعد انہیں محفوظ بنانے اور گوشت مستحقین افراد تک پہنچانے میں مصروف تھے۔ چیف ایگزیکٹیو الخدمت نوید علی بیگ، ایگزیکٹیو ڈائریکٹر راشد قریشی اور ڈائریکٹر کمیونٹی سروسز قاضی سید صدرالدین نے ٹینریز کے دورے کیے اور رضاکاروں سے ملاقاتیں کیں‘ کھالیں محفوظ بنانے کے عمل کا جائزہ لیا اور مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر انہوں نے رضا کاروں کے جذبے کو بھی سراہا۔ قاضی سید صدرالدین اور راشد قریشی نے گڈاپ میں جدید سلاٹر ہاؤس کا دورہ کیا اور وہاںگوشت کی تیاری و پیکنگ کے مراحل کو دیکھا۔

صدر الخدمت کراچی حافظ نعیم الرحمن نے بھی عیدالاضحی کے تینوں دن رضا کاروں کی حوصلہ افزائی کے لیے موجود رہے۔ انہوں نے ضلع جنوبی، کیماڑی، غربی، شرقی سمیت دیگر اضلاع کا دورہ کیا اور ذمہ داران سے ملاقاتیں کیں۔ کارکنان اور رضاکاروں نے اجتماعی قربان گاہوں میں آمد پر ان کا بھرپور استقبال کیا اورانہیں قربان گاہوں کا دورہ کروایا اور چرم قربانی مہم سے متعلق بریفنگ دی۔

اس موقع پر حافظ نعیم الرحمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الحمدللہ لوگ الخدمت پر بھرپور اعتماد کرتے ہیں۔ گزشتہ سال کی نسبت الخدمت کی کھالوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔ منفی پروپیگنڈے کے باوجود الخدمت کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے۔ ہم کھالوں کی مد میں جمع ہونے والی رقم سے مستحقین کی بلا امتیاز خدمت کرتے ہیں۔ اہلِ خیر حضرات کے تعاون سے الخدمت اسپتال، واٹر فلٹریشن پلانٹس، کفالت یتامیٰ سمیت دیگر مختلف پروجیکٹس کے ذریعے بھرپور خدمات انجام دی جاتی ہیں۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ الخدمت کے تحت شہر بھر میں 200 سے زائد مقامات پر اجتماعی قربانی کی گئیں اور 15000 سے زائد کارکنان نے بلا معاوضہ فرائض انجام دیے۔ ہم کراچی کے شہریوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے الخدمت پر اعتماد کر کے پہلے سے زیادہ تعداد میں کھالیں عطیہ کیں۔

چیف ایگز یکٹیو الخدمت کراچی نوید علی بیگ نے قربانی کی ریکارڈ کھالیں الخدمت کو دینے پر اہل، کراچی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کا جذبہ قابل قدر ہے۔ الخدمت کے تحت عیدالاضحی پر سینکڑوں فی سبیل اللہ (وقف) قربانی کی گئیں جس میں اہل خیر نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت نے ہمیشہ کی طرح، شام، فلسطین (غزہ)‘ روہینگیااور ترکی مہاجرین کو بھی عید کی خوشیوں میں شامل کیا اوران کے علاقوں میں قربانی کا اہتمام کر کے گوشت پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت کی جانب سے عیدالاضحی پر سیلاب متاثرین کو بھی یاد رکھا گیا اور متاثرہ علاقوں میں قربانی کا اہتمام کیا گیا۔ انہوں نے رضاکاروں کے جذبے کی بھی تعریف کی۔

حصہ